Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا میں روکے گئے جہاز کے مسافر سنیچر کو اسلام آباد پہنچیں گے

مسافروں کو لے کر دونوں پروازیں سنیچر کی دوپہر کو اسلام آباد پہنچیں گی۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
قومی ایئرلائن کی پرواز کو جمعہ کی صبح کوالالمپور ائیرپورٹ پر ملائیشین حکام نے روک لیا جس کے بعد پی آئی نے مسافروں کو پاکستان واپس لانے کے لیئے دیگر ایئر لائنز میں انتظامات کیے ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ قومی ایئرلائن کی پرواز سے سفر کرنے والے مسافروں کو اب اتحاد اور ایمریٹس کی پروازوں پر پاکستان لایا جائے گا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ کوالا لمپور سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیئے کوئی سپیشل فلائٹ نہیں کی جا رہی بلکہ مسافروں کو دیگر ایئر لائن کی اسلام آباد آنے والی پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔
عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ ایمریٹس اور اتحاد کی پروازیں پی آئی اے کے مسافروں کو لے کر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات بالترتیب ایک اور دو بجے کوالالمپور سے روانہ ہوگی۔
دونوں پروازیں کل دوپہر اسلام آباد پہنچیں گی۔
خیال رہے جمعے کو پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایک مسافر طیارے کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں روک لیا گیا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت نے یکطرفہ فیصلے کے تحت پی آئی اے کے ایک طیارے کو روک لیا ہے جس کا قانونی تنازع قومی ایئر لائن اور ایک فریق کے مابین برطانوی عدالت میں زیر التوا ہے۔
ترجمان کی جانب جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پی آئی اے مسافروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور ان کے لیے متبادل پرواز کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

شیئر: