Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن کلاسز، والدین نے واٹس ایپ گروپ بنا لیے

والدین امتحانی پرچے حل کرکے طلبہ کو فراہم کررہے ہیں۔ (فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں طلبہ کے لیے والدین نے واٹس ایپ گروپ بنالیے ہیں۔ ہوم ورک اور امتحانی پرچے حل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے مشاورت کرنے لگے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق ماہرین تربیت نے اس رجحان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ والدین کا یہ اقدام طلبہ پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور اس سے تعلیمی اور تربیتی عمل متاثر ہوگا۔ 
ماہرین تربیت کا کہنا کہ مختلف گروپوں میں شامل والدین کی طرف سے اپنے بچوں کو سوالات کے حل میں تعاون دینے سے نقصان ہوگا۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک اور واٹس ایپ گروپ پر والدین امتحانی پرچے حل کرکے طلبہ کو فراہم کررہے ہیں۔ 
ایک گروپ میں شامل ایک خاتون نے بتایا کہ کوئی ایک شخص کسی سوال کا جواب گروپ پر ڈال کر دریافت کرتا ہے کہ  کیا یہ درست ہے۔ اس پر گروپ میں شامل دیگر افراد اپنی رائے دینا شروع کردیتے ہیں۔ 
والدین کا کہنا ہے کہ وہ اس قسم کے گروپس میں کئی وجہ سے شریک ہیں۔ ایک وجہ یہ ہے کہ سکول ٹیچر طلبہ کو بہت زیادہ ہوم ورک دے رہے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کو مسلسل دس گھنٹے ہوم ورک میں لگانے پڑ رہے ہیں۔
دوسری مشکل یہ ہے کہ صحت حالات کی وجہ سے سماجی فاصلے کی پابندی بھی کی جارہی ہے۔ اساتذہ گھروں میں آکر ٹیوشن دینے سے گریز کررہے ہیں۔ 
مائیں پریشان ہیں کہ انہیں ایک طرف تو گھریلو کام انجام دینا ہوتے تو دوسری جانب بچوں کی مدد کرنا پڑتی ہے۔ 
والدین کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر قائم گروپس پر پیش کیے جانے والے سوالات کے جواب سے مطمئن نہیں مگر ان دنوں اس کے سوا کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے۔

شیئر: