Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے پاک عرب فیڈریشن کا قیام

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاک عرب فیڈریشن پر کام شروع ہو چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے پاک عرب فیڈریشن بنا رہا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ نے یہ بات اتوار کو عرب نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہی۔
اس فیڈریشن کے قیام کا مقصد وزیراعظم عمران خان کی تمام عرب ممالک کے ساتھ معاشی اور سٹریٹیجک تعلقات کو بہتر کرنے کی پالیسی کو آگے بڑھانا ہے۔ گذشتہ برس اکتوبر میں حکومت نے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ کے لیے ایک سٹڈی سنٹر کی بنیاد رکھی تھی۔
طاہر محمود اشرفی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’پاک عرب فیڈریشن پر کام شروع ہو چکا ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان کے برادرانہ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فورم ایک خود مختار غیر حکومتی فیڈریشن پر مشتمل ہوگا جس میں کاروباری حضرات، چیمبر آف کامرس، مذہبی سکالرز، دانشور، پروفیسرز اور صحافیوں سمیت دیگر پیشہ ورانہ تنظیمیں شامل ہوں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ فیڈریشن پاکستانی حکومت کے لیے ایک ایڈوائزری باڈی کے طور پر کام کرے گی تاکہ عرب ممالک میں پاکستان کی بہتر پہچان ہو سکے۔
طاہر اشرفی کے مطابق ’یہ فیڈریشن ایک کرائسس مینجمنٹ فورم کے طور پر کام کرے گی تاکہ ان غلط فہمیوں کو ختم کیا جا سکے جن کی وجہ سے پاکستان کے عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔‘
’یہ بیک ڈور ڈپلومیسی کے طور پر کام کرے گی تاکہ اہم معاملات کو تیزی سے حل کیا جاسکے۔‘

طاہر اشرفی نے  نے کہا کہ ابتدائی کام مکمل کرنے کے بعد پاکستان میں عرب ممالک کے تمام سفارت خانوں سے رابطہ کیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

معاون خصوصی نے کہا کہ یہ فیڈریشن عرب ممالک میں مقیم 50 لاکھ پاکستانیوں کے ساتھ بھی قریبی تعلق بنائے گی۔
ان کے مطابق کہ ’ابتدائی کام مکمل کرنے کے بعد ہم پاکستان میں عرب ممالک کے تمام سفارت خانوں سے رابطہ کریں گے تاکہ انہیں اس فورم کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔‘

شیئر: