Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ: دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 29 رنز کی برتری

فہیم اشرف 64 رنز بنا کر نوکیا کی گیند پر بولڈ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقی ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔
اس طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان پر اب تک صرف 29 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور ڈین ایلگر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تاہم 48 کے مجموعی سکور پر ڈین ایلگر 29 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے یاسر شاہ کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔
رسی وین ڈر ڈوسن 64 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی بال پر عابد علی کو کیچ دے بیٹھے۔ ایڈن مارکرم کو 74 رنز پر نعمان علی نے آؤٹ کر دیا جبکہ فاف ڈوپلیسی صرف 10 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کیشو مہاراج دو رنز کے ساتھ اور کپتان کوئنٹن ڈی کوک بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نعمان علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل پاکستانی ٹیم 378 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح اسے جنوبی افریقہ پر 158 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
جمعرات کو پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں 15 رنز کے اضافے کے بعد ہی حسن علی کو ربادا نے بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد یاسر شاہ اور نعمان علی میں 10ویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ نعمان علی 24 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ یاسر شاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پروٹیز کی طرف سے ربادا اور مہاراج نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

کھیل کا دوسرا دن پوری طرح سے پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے بولرز کی بالکل نہ چلنے دی۔
فواد عالم نے 220 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کی۔ وہ 109 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا، وہ 64 رنز بنا کر نوکیا کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ اظہر علی نے بھی 51 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔
کھیل کے پہلے دن کے آخری سیشن میں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا اور 27 رنز پر ہی چار آوٹ ہو گئے تھے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز ہی بنا سکی۔ پروٹیز کی جانب سے اوپنر ڈین ایلگر نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: