Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی کورونا سرٹیفکیٹ، پشاور ایئرپورٹ سے چھ مسافر گرفتار

سول ایوی ایشن کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافر مختلف پروازوں سے پشاور سے جدہ، ابوظہبی اور شارجہ جا رہے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر جعلی کورونا سرٹیفکیٹ دکھا کر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے چھ مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 
سول ایوی ایشن کے مطابق سنیچر کو پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سی اے اے  ویجلنس اور محکمہ صحت نے کارروائی کی۔ 
سول ایوی ایشن کے مطابق یہ مسافر مختلف پروازوں سے پشاور سے جدہ، ابوظہبی اور شارجہ جا رہے تھے۔ ائیرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ رپورٹ طلب کرنے پر سول ایوی ایشن حکام کو کورونا رپورٹ مشکوک ہونے کا شبہ ہوا جو کہ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مسافروں کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ جعلی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اردو نیوزکے نامہ نگار زبیر علی خان کو بتایا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کورونا رپورٹس کا ریکارڈ سول ایوی ایشن اور ائیر پورٹ پر مامور صحت کے حکام کے پاس موجود ہوتا یے۔ مذکورہ مسافروں کا کوئی ریکارڈ ائیر پورٹ پر موجود نہ تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے جبکہ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے اور محکمہ صحت کر رہا ہے۔
سول ایوی اتھارٹی کے جوائنٹ سرچ کاؤنٹر پر مسافروں سے کورونا ٹیسٹ رپورٹ طلب کی گئیں اورعملے کو رپورٹس پر شک ہوا جس کے بعد مسافروں کی کورونا رپورٹس کی جانچ پڑتال کی گئی۔

شیئر: