Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاکروچ سے کیسے جان چھڑائی جائے؟

کاکروچ، چیونٹی یا چوہے وغیرہ گھروں میں کھانے اور پینے کی تلاش میں آتے ہیں (فوٹو: فری پک)
جس طرح گرمیوں کے موسم میں عین نیند کے وقت دخل درمعقولات کرنے والے مچھر یا کھانے کے وقت ٹپک پڑنے والی مکھیاں تکلیف دہ ہوتی ہیں، ایسے ہی موقع بے موقع گھر میں گھومتے پھرنے والے کاکروچ بھی الجھن اور بعض اوقات تو انتہائی پریشانی کا باعث بن جاتے ہیں۔
گھر میں دراڑوں، سوراخوں اور پائپوں سے داخل ہونے والے کاکروچ عموماً کھانے کی تلاش میں باورچی خانے، باتھ روم اور دیگر کمروں میں پہنچتے ہیں۔ کاکروچ کی نسل میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جو پریشانی کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
بعض اوقات کاکروچ سے پیچھا چھڑانے کی جتنی کوشش کی جائے یوں لگتا ہے کہ یہ زیادہ زور و شور سے اہلخانہ کو تنگ کرنے کے لیے پھر آ موجود ہوتے ہیں۔

 

سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں گھروں سے کاکروچ بھگانے کے کچھ موثر طریقوں کا ذکر کا ذکر کیا گیا ہے۔
گرم گھر کی آب و ہوا
کاکروچ، چیونٹی یا چوہے وغیرہ گھروں میں کھانے اور پینے کی تلاش میں آتے ہیں۔ کاکروچ خاص طور پر گرم اور مرطوب آب و ہوا رکھنے والی جگہوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔
ڈش واشر میں بچے ہوئے  پکوان، فرش پر روٹی اور کھانے کے ٹکڑے، فرش پر پالتو جانوروں کے کھانے کی باقیات، کسی جگہ ضرورت سے زیادہ نمی، کھلے برتنوں میں کھانے کی باقیات، ایسے مقامات ہیں جو کاکروچ کے لیے خصوصی دعوت کا درجہ رکھتے ہیں۔

کاکروچ سے کیسے چھٹکارا حاصل کریں؟

1. گھر کو صاف ستھرا رکھنا
گھر کی صفائی ستھرائی سے کاکروچ  سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ فرش پر گری ہوئی مائع اشیا کو جلدی سے صاف  کردیں، گندے برتنوں کو زیادہ دیر مت رکھیں، کچھ گر جائے تو فورا صاف کردیں، روزانہ کچرا باہر نکالیں، چولہے کے اوپر سے چکنائی ہٹائیں، اور کھانا بند برتنوں میں ڈھانپ کر رکھیں۔

کاکروچ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ٹریپ ہے (فوٹو: فری پک)

2. شکار گھر
کاکروچ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ٹریپ ہے، یعنی ایسا آلہ جو کاکروچوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے خوشبو استعمال کرتا ہے، وہ اس میں  پھنس جاتے ہیں۔ اس کےمثبت نتائج آنے میں دو ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے، وقتاً فوقتاً اس آلے کی جانچ پڑتال کرتے رہیں۔
3. ذائقہ
کاکروچ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک اور عام طریقہ یہ ہے کہ کیمیائی مادہ استعمال کریں، جو کیڑے مار دوا ہے جسے کاکروچ نگل جاتا ہے، وہ اپنے گھونسلوں میں واپس جاتے ہیں اور زہر پھیلا دیتے ہیں، جس سے ان کی نسل ختم ہو جاتی ہے۔ کیمیائی مادہ کچرے کے ڈبے کے قریب، ڈش واشر کے نیچے اور باورچی خانے اور باتھ روم میں الماریوں کے اندر رکھا جا سکتا ہے۔
4. بورک ایسڈ
بورک ایسڈ کاکروچ کا ایک بہترین گھریلو علاج ہے۔ بورک ایسڈ، آٹا اور چینی برابر مقدار میں مکس کریں اور اسے گوندھ کر آمیزہ بنا لیں۔ اس آمیزے کی گیندیں ایسی جگہوں پر رکھیں جہاں کاکروچ پایا جاتا ہے، جیسے ریفریجریٹر کےنیچے، چولہے، ڈش واشر یا گیس کے تنور کے آس پاس، یا باورچی خانے کی الماری کا پچھلا حصہ وغیرہ۔
5. نیم کے پتے
خشک نیم کے پتوں کو سنک کے نیچے، الماریوں کے اندر رکھیں اس سے کاکروچ کچھ ہی دن میں غائب ہوجائیں گے۔
6. خوشبودار تیل
لیونڈر آئل یا کالی مرچ کا تیل اور دیگرخوشبو والے تیل بھی کیڑے مار دوا کے طور پر کام کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہیں درازوں یا الماریوں وغیرہ میں ڈالا جاتا ہے۔

لیموں سے کاکروچ دور بھاگتا ہے، لیموں کی خوشبو کاکروچ کو قریب نہیں آنے دیتی (فوٹو: پکسابے)

7. کھیرے
کاکروچ کھیرے سے نفرت کر تے ہیں، اس لیے کھیرے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ان مقامات پر پھیلائیں جہاں کاکروچ داخل ہونے کا امکان ہو۔
8. لیموں
لیموں سے کاکروچ دور بھاگتا ہے، لیموں کی خوشبو کاکروچ کو قریب نہیں آنے دیتی، کچن اور دیگر مقامات پر جہاں جہاں کاکروچ ہوں وہاں لیموں یا لیموں کا جوس استعمال کیا جا سکتا ہے۔
9. کالی مرچ، لہسن اور پیاز کا آمیزہ
ان تینوں عناصر کا امتزاج کاکروچ کو بھگاتا ہے جو آپ کے گھر کی الماریوں، دراڑوں اور دروازوں کے پیچھے رہتے ہیں۔ اسے تیار کرنے کے لیے لہسن کی ایک ڈلی کو کچل لیں۔ ایک پیالے میں پیاز کا نصف حصہ ڈال دیں، اس میں کالی مرچ پاؤڈر اور پانی شامل کرلیں۔ رات کے وقت  باورچی خانے کو بند کرنے سے پہلے اس مرکب کو سنک کے اوپر پھیلا دیں۔

شیئر: