Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں چینی ویکسین کے ٹرائلز: ’شدید بیماری میں 100 فیصد موثر ثابت‘

ڈیٹا کے حوالے سے مشیر خصوصی برائے صحت نے بتایا کہ یہ 30 ہزار لوگوں پر مشتمل ہے، جن میں سے 101 کورونا کے تصدیق شدہ مریض بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
وزیراعظم کے مشیر خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی چینی ویکسین ٹرائلز میں ویکسین شدید بیماری والے مریضوں میں 100 فیصد موثر ثابت ہوئی ہے۔
ویکسین کے ٹرائلز کے نتائج کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے لکھا کہ ’علامات والے مریضوں میں ویکسین 74 اعشاریہ 8 فیصد موثر رہی ہے جبکہ شدید بیماری میں اس کی افادیت 100 فیصدرہی۔‘
انہوں نے ویکسین کے مضر اثرات کے حوالے سے کہا کہ ’انڈیپنڈنٹ ڈیٹا مانیٹرنگ کمیٹی نے صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کے خطرے کی بات نوٹ نہیں کی۔‘

 

ڈیٹا کے حوالے سے مشیر خصوصی برائے صحت نے بتایا کہ ’یہ 30 ہزار لوگوں پر مشتمل ہے، جن میں سے 101 کورونا کے تصدیق شدہ مریض بھی شامل ہیں۔ ‘
انہوں نے پاکستانی ٹیم کو یہ ٹرائل کرنے پر شاباش بھی دی۔
اس سے پہلےڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹرائل ڈیٹا کی رپورٹ موصول ہونے کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’چینی کمپنی کین سینو بائیو کی کورونا ویکسین کے آٹرائلز کا ڈیٹا موصول ہو گیا ہے۔
انڈیپنڈنٹ ڈیٹا مانیٹرنگ کمیٹی کے غیر حتمی تجزیے میں مخلتف ممالک میں ہونے والے ٹرائلز کے نتائج کے مطابق یہ ویکسین ’علامات والے مریضوں میں 65 اعشاریہ 7 فیصد اور شدید بیماری سے بچاؤ میں 90 اعشاریہ 98 فیصد موثر ثابت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے بھی فوج کو ویکسین فراہم کی ہے اور فوج کی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہیلتھ ورکرز اس کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔

شیئر: