Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری کی ’انڈین میجر جنرل کو سوشل میڈیا کا بنیادی سبق‘ سکھانے کی پیشکش

پاکستانی وزیر کی انڈین جنرل سے ٹوئٹر نوک جھونک دونوں ملکوں کے صارفین میں بحث کی وجہ بنی رہی (فوٹو: ٹوئٹر+پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس فواد چوہدری نے خود کو انڈین فوج کے سابق میجر جنرل کے طور پر متعارف کرانے والے ایک ٹوئٹر صارف کو پیشکش کی کہ وہ انہیں سوشل میڈیا سے متعلق کچھ بنیادی کورسز کرا سکتے ہیں۔
یہ پیشکش اور اس کے پس پردہ وجہ پر گفتگو شروع ہوئی تو فورا ہی یہ انڈین اور پاکستانی ٹویپس کے درمیان بحث کی شکل اختیار کر گئی۔
میجر جنرل ریٹائرڈ ہرش ککڑ نام کے اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے پہلے تو ان کی بطور میجر جنرل تعیناتی پر حیرت کا اظہار کیا، پھر انہیں سوشل میڈیا کے حوالے سے اپنی معلومات درست کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
پاکستانی وزیر نے گفتگو یہاں ختم نہیں کی بلکہ ایک قدم آگے بڑھ کر انہیں یہ پیشکش بھی کر ڈالی کہ ’وہ پاکستانی نوجوانوں سے درخواست کر سکتے ہیں کہ انڈین جنرلز کو فیک میڈیا سے متعلق کچھ بیسک کورسز کرا دیں‘۔

فواد چوہدری کی جانب سے 1979 سے 2015 تک انڈین فوج میں خدمات فراہم کرنے والے میجر جنرل ہرش ککڑ کو دی گئی آفر کا معاملہ اس وقت سامنے آیا، جب ایک انڈین صارف کی ٹویٹ کو مینشن کرتے ہوئے سابق فوجی افسر نے پاکستانی وزیر کی اہلیت سے متعلق سوال کیا تھا۔ 
انڈین صارف نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی وزیر اور خود کو انڈین شہری کے طور پر ظاہر کرنے والے ایک فرد کے درمیان مبینہ گفتگو کے سکرین شاٹس شیئر کیے تھے۔

ان سکرین شائٹ میں خود کو انڈین شناخت کے ساتھ پیش کرنے والا فرد پاکستانی وزیر کو آفر کرتا ہے کہ وہ خلائی سائنس کے ماہر اپنے ایک رشتہ دار کی جانب سے تیار کردہ ایسا خلائی ماڈل انہیں دے سکتا ہے جس پر چندریان سے کہیں کم اخراجات ہوں گے۔
طویل گفتگو کے اختتام پر وہ ایک ایسی تصویر بھیجتا ہے جس میں ایک موٹرسائیکل کے ڈیزائن میں تبدیلی لا کر اسے جہاز کی شکل دی گئی ہے۔
سکرین شاٹس اور اس میں ہونے والی گفتگو دیکھ کر کچھ انڈین صارفین نے پاکستانی وزیر سے منسوب جملوں پر ان کا مذاق اڑایا تو اس پر حیرت کا اظہار بھی کیا۔

انڈین جھنڈے کی ڈی پی رکھنے والے ایک اکاؤنٹ نے پاکستانی وزیر سے منسوب چیٹ کا ذکر کیا تو دعوی کیا کہ یہ اصل ہے اور اس وقت کی ہے جب انڈین خلائی تحقیقات سے متعلق ادارے نے چندریان نامی مشن خلا میں بھیجا تھا۔

انڈین فوج کے سابق افسر اور پاکستانی وزیر کی ٹوئٹر نوک جھونک کا مشاہدہ کرنے والے صارفین میں سے کچھ نے اسے ’فنٹاسٹک چھترول‘ قرار دیا تو کچھ اس بات پر حیران دکھائی دیے کہ ذمہ دار مناصب پر فائز افراد ایسی غلطیاں کیسے کر لیتے ہیں۔

ریحان ملک نامی صارف نے دعویٰ کیا کہ فواد چوہدری سے منسوب سکرین شاٹس اصل نہیں بلکہ ایڈیٹڈ ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ تیس منٹ میں انڈین جنرل سے منسوب ایسا مواد تیار کر سکتے ہیں۔

فواد چوہدری ٹوئٹر پر فعال ترین پاکستانی سیاستدانوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ وہ سوشل میڈیا پر انڈین اور پاکستانی صارفین کے درمیان بحث کی وجہ بنے ہوں، ماضی میں بھی متعدد مواقع پر ایسا ہو چکا ہے۔ ایک موقع پر فواد چوہدری کی جانب سے قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کا انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا تھا، اسمبلی سیشن میں فواد چوہدری نے بالاکوٹ میں انڈین طیاروں کی کارروائی سے متعلق گفتگو کی تھی۔

شیئر: