Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغوی بچہ 21 سال بعد حقیقی والدین سے مل گیا

بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ بازار گیا تھا جہاں وہ کھو گیا تھا (فوٹو: سبق)
مصر میں تین سال کی عمر میں اغوا ہونے والا بچہ بالآخر اپنے حقیقی والدین سے مل گیا۔ بچے کو 21 سال قبل الجیزہ کمشنری سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ 
مصری جریدے الیوم السابع کے حوالے سے ویب نیوز ’سبق‘ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ’موسی الخنیزی‘ کا اغوا اور برسوں بعد اصل والدین تک پہنچ جانے والا واقعہ مصر میں بھی دیکھنے میں آیا۔ 
مصری کی الجیزہ کمشنری کے گاوں ’اللشت‘ میں 21 برس قبل تین سالہ عبدہ جمعہ عبدہ کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا۔ عبدہ کے والدین نے اپنے بیٹے کو ہر جگہ تلاش کیا مگر ان کا کہیں کوئی سراغ نہ ملا۔ 
برسوں بعد مل جانے والے 24 سالہ جواں عبدہ کے والد نے بتایا کہ 'سال 2000 میں بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ بازار گیا تھا جہاں وہ کھو گیا، اس وقت سے بچے کی تلاش جاری رہی اگرچہ ہم تھک چکے تھے مگر رب تعالی کی رحمت سے مایوس نہیں تھے۔' 
عبدہ کے والد نے مزید بتایا کہ 'ہمارے گاوں کی ایک خاتون ’بنی سویف‘ کمشنری میں جاکر وہاں پرندے فروخت کرتی ہیں جہاں انہوں نے اہل قریہ سے برسوں قبل ملنے والے بچے کا ذکر سنا تو اس کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم کرکے مطلع کیا۔' 
پرندے فروخت کرنے والی خاتون کی زبانی معلوم ہوا کہ عبدہ ایک شخص کو روتا ہوا ملا تھا جو اسے اپنے ساتھ لے آیا اور اس کی پرورش کی۔ 

عبدہ ایک شخص کو روتا ہوا ملا تھا جنہوں نے ان کی پرورش کی ( فوٹو: ٹوئٹر)

 والد کا کہنا تھا کہ 'جیسے ہی ہم نے عبدہ کے بارے میں سنا ہم فوری طور پر اس گاوں میں پہنچ گئے جہاں ہمارا بیٹا پروان چڑھا تھا۔' 
شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ آنے پر یہ ثابت ہوگیا کہ جس جوان کا نام ’ایمن ‘ تھا وہ ہمارا ’عبدہ ‘ ہی ہے۔ 
عبدہ کے والد کا کہنا تھا کہ 'اگرچہ برسوں ہم اپنے بیٹے سے دور رہے مگر میں اپنے محسن جس نے میرے بیٹے کی پرورش کی کا شکر گزار ہوں کہ اسے باپ کی شفقت دی اور اچھی تربیت دی۔' 

شیئر: