Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وکٹ کیپر محمد رضوان ملتان سلطانز کے کپتان مقرر

محمد رضوان پی ایس ایل کے پانچویں سیزن میں کراچی کنگز کا حصہ تھے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے کپتان مقرر کر دیا ہے۔
اس سے قبل وکٹ کیپر بیٹسمین کراچی کنگز کا حصہ تھے لیکن کراچی کنگز نے رواں سیزن میں ان کو اپنے سکواڈ میں برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ملتان سلطانز نے انہیں اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا تھا۔
اب انہیں کپتانی کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے جبکہ گذشتہ سیزن میں ملتان سلطانز کی قیادت اوپنر شان مسعود کو دی سونپی گئی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے ڈومیسٹک ٹی 20 میں خیبر پختونخوا کی قیادت کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

 

حال ہی میں ختم ہونے والے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان میں انہوں نے ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز میں سنچری سکور کر کے پاکستان کی جانب سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچری سکور کرنے والے پہلے وکٹ کیپر باز بن چکے ہیں جبکہ دنیائے کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم کے بعد وہ دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں سنچری سکور کر رکھی ہے۔
اس سے قبل محمد رضوان نے دورہ نیوزی لینڈ میں بھی پاکستان کی طرف سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
28 سالہ محمد رضوان کا تعلق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے ہے۔ انہوں نے 2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

محمد رضوان نے حالیہ ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان نے 2016 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کرتے ہوئے اب تک 13 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے 44 کی اوسط سے 754 رنز سکور کیے جس میں ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ون ڈے کیریئر میں محمد رضوان نے 35 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 30 کی اوسط سے 730 رنز سکور کیے، جن میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ٹی ٹونٹی میچز میں وکٹ کیپر بیٹسمین نے 21 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 510 رنز سکور کر رکھے ہیں۔ وہ ٹی 20 میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں سکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔  

شیئر: