Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں اہل شوبز و سیاست کا میچ علی سدپارہ کے نام

چند روز قبل دنیا بھر کے کرکٹ حلقوں کی توجہ پانے والے گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی شوبز، سیاست اور سماجی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کو کے ٹو پر لاپتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے نام کر دیا گیا۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع گوادر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں سیاسی، سماجی اور شوبز ستاروں کا پہلا دوستانہ میچ شروع ہوا تو اس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری، برطانوی ہائی کمشنر اور معروف کمینٹیٹر فخر عالم سمیت اہم شخصیات شریک تھیں۔
زلفی بخاری نے ٹاس جیت کے پہلے مخالف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
معاون خصوصی زلفی بخاری نے کرکٹ میچ کوہ پیما محمد علی سرپارہ کے نام کرنے کا اعلان کیا تو کہا کہ ’گوادر سٹیڈیم کا پہلا میچ پاکستان کے بیٹے محمد علی سدپارہ کے نام کر رہے ہیں۔ کے ٹو سے گوادر تک پاکستان کی یہی خوبصورتی ہے، سانحات بھی ہمیں متحد کر دیتے ہیں‘۔
زلفی بخاری نے میچ سے قبل کی گئی گفتگو میں کہا کہ دنیا کی خوبصورت ترین کرکٹ پچ پر کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، دنیا آج خوبصورت بلوچستان اور ان کے مہمان نواز لوگ دیکھے گی۔

ساحل سمدر کے قریب واقع گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی کچھ عرصہ قبل تزئین و آرائش کی گئی ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)

وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت کی گوادر کو دیا کا خوبصورت ترین سیاحتی مقام بنانے پر مکمل توجہ ہے، اب سے ہر برس گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا‘۔
گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی خوبصورتی کے متعلق انہوں نے کہا کہ ’ایسا خوبصورت گراونڈ دنیا بھر میں دیکھنے کو نہیں ملے گا‘۔

دوستاہ میچ میں پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکار شریک ہوئے (فوٹو: زلفی بخاری ٹیم)

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی میچ کے موقع پر گراؤنڈ میں موجود تھے۔ انہوں نے شوبز شارکس اور گوادر ڈولفنز کے درمیان میچ کا ٹاس کرایا۔
بلوچستان میں واقع گوادر کرکٹ سٹیڈیم کو ضروری تزئین و آرائش کے بعد کچھ عرصہ قبل کھولا گیا ہے۔ پاکستانی صوبے پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے مٹی منگوا کر تیار کیے گئے سٹیڈیم اور قریب واقع پہاڑیوں اور ساحل کے امتزاج سے پیدا ہونے والے خوبصورت منظر کو پاکستان اور بیرونی دنیا میں بھی سراجا جاتا رہا ہے۔

کچھ عرصہ قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی چند تصاویر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی گئیں تو شائقین کرکٹ ہی نہیں قدرتی مناظر اور خوبصورتی کے دلدادہ افراد نے بھی انہیں سراہا تھا۔

شیئر: