Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جو الیکشن اپوزیشن جیتے وہ شفاف، جہاں ہارے وہاں دھاندلی کا شور مچاتی ہے‘

شبلی فراز نے کہا کہ اگر انتظامیہ نااہل ہے تو پھر دھاندلی کیسے ہوئی؟ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ جو الیکشن اپوزیشن جیتے وہ شفاف، جہاں ہارے وہاں دھاندلی کا شور مچاتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دھونس، دھمکی، اور دھاندلی ہمیشہ سے ان کا شیوہ رہا ہے۔
ایک نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ این اے75 ڈسکہ کاالیکشن پی ٹی آئی جیت چکی ہے۔
 
ان کے مطابق مریم کو غصہ کم مارجن سے ووٹ ملنے کا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس تضادات کا مجموعہ تھی۔ ’ایک سانس میں الیکشن کمیشن کی تعریفیں کی گئیں۔ جب کہ دوسری سانس میں انتظامیہ کی نااہلی و دھاندلی کا واوایلا مچایا گیا۔‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انتظامیہ نااہل ہے تو پھر دھاندلی کیسے ہوئی؟
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر آباد کا الیکشن شفاف اور ڈسکہ میں دھاندلی عجب منطق ہے۔
’ڈسکہ کی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے ووٹ کو عزت دیں اور نتائج قبول کریں۔‘
شہباز گل کا کہنا تھا کہ مریم نواز ہمیشہ کی طرح جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
’جس نے سراپا جھوٹ دیکھنا ہو وہ محترمہ کو دیکھ لے، واضح شکست نظر آنے کے بعد مریم اور انکے حواری سرِ شام ہی دھاندلی کا رونا رونے لگ گئے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیر آباد کا الیکشن شفاف اور ڈسکہ میں دھاندلی عجب منطق ہے، جہاں جیتے وہاں نواز شریف کے بیانیے کی فتح جہاں ہار جائیں دھاندلی کا رونا، عوام کو چکمہ دینا چھوڑ دیں کیونکہ عوام اب آپکے فریب میں آنے والی نہیں۔

شیئر: