Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمانی شہری اور غیرملکی فی الوقت سفر نہ کریں‘ 

تمام ممالک میں کورونا وبا کی صو رتحال ایک جیسی نہیں ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سلطنت عمان کی وزارت صحت نےکہا ہے کہ تغیر پذیر کورونا کی وبا کے خدشات بڑھے ہوئے ہیں۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکی ان دنوں سفر نہ کریں اور انتہائی مجبوری میں سفر کا پروگرام بنائیں۔ 
عمانی خبر رساں ادارے  کے مطابق وزارت صحت میں انسداد وبائی امراض ادارے کے سربراہ ڈاکٹر خالد الحارثی  نے کہا کہ سلطنت عمان پہنچنے والے مسافروں کے اعدادوشمار سے یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ تمام ممالک میں کورونا وبا کی صو رتحال ایک جیسی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض ملکوں میں تغیر پذیر کورونا سے متاثرین کی تعداد دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ 
ڈاکٹر الحارثی نے مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ فی الوقت سلطنت عمان سے باہر نہ جائیں اور وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کریں۔ احتیاطی تدابیر کی پابندی کرکے ہی سلطنت عمان میں متاثرین کا دائرہ محدود کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جو لوگ سلطنت عمان پہنچ رہے ہیں یا جو یہاں سے سفر کررہے ہیں ان سب کا کورونا ٹیسٹ کیا جارہا ہے جبکہ ہوٹل یا گھر میں آئسولیشن کے دوران مسافروں کی  نگرانی کی جارہی ہے۔ 
انسداد وبائی امراض ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں باہر سے آنے والے مسافروں کے ریکارڈ سے پتہ چلا کہ انہوں نے ہاؤس آئسولیشن یا ہوٹل میں قرنطینہ کے حوالے سے لگائے گئے ضابطے کی پابندی نہیں کی۔ اب اس حوالے سے سختی ہوگی۔
عمانی وزارت صحت نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 362 ہوچکی ہے۔ 1552 اموات ہوئی ہیں جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار 653 صحت یاب ہوئے۔

شیئر: