Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کا جنگ زدہ یمن کے لیے 230 ملین ڈالر امداد کا اعلان

امارات 2015 سے اب تک یمن کو تعلیم اور دیگر ضروریات کی مد میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے جنگ زدہ ملک یمن کے لیے اقوام متحدہ کی ڈونر کانفرنس سے قبل 230 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’اس فنڈ سے یمنی عوام کی طبی، غذائی اور دیگر ضروریات پوری ہوں گی۔‘
 متحدہ عرب امارات 2015 سے اب تک یمن کو تعلیم اور دیگر ضروریات کی مد میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر چکا ہے۔

 

اس کے علاوہ یو اے ای یمن کو کورونا کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں امداد فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں بھی شامل ہے۔
یو اے ای کی وزیر مملکت برائے بین  الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی کا کہنا ہے کہ ’یمن میں وبا سے نمٹنے کے لیے ان کا ملک 122 ٹن طبی سامان بھیج چکا ہے تاکہ وہاں کام کرنے والے ایک لاکھ 22 ہزار امدادی کارکنوں کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔‘
’یو اے ای یمن میں صحت، غذائی تحفظ اور دیگر شعبوں کی صورت حال کا خاص طور پر جائزہ لے رہا ہے۔‘
انہوں نے یمن میں سب سے مستحق اور کمزور طبقوں کو امداد فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
یو اے ای کی وزیر مملکت نے کہا کہ ’ہم یمن میں اقوام متحدہ، بین الاقوامی برادری اور انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ امداد سب سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچ سکے۔‘

شیئر: