Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر دو وزرا سبکدوش

عمان کے ریستوران میں 9 افراد کے ساتھ ڈنر میں شرکت کی تھی۔ (فوٹو عرب نیوز)
اردن کے وزیر داخلہ اوروزیر انصاف کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نافذ کئے جانیوالے صحت ضوابط کی خلاف ورزی پراتوار کوسبکدوش کر دیا گیا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اردن میں ایک شاہی فرمان کے ذریعے سبکدوش وزرا کی جگہ نئے وزرا نامزد کر دیئے گئے ہیں۔
شاہی محل سے جاری شدہ بیان کے مطابق دونوں وزرا کو وزیر اعظم بشر الخصاونہ نے استعفیٰ دینے کے لئے کہا جس کے فوراً بعد شاہ عبداللہ دوم  کی جانب سے اس اقدام کی توثیق کر دی گئی۔

اردن میں 3لاکھ 86 ہزارکیسزریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ 4675اموات ہوئیں۔(فوٹو اے ایف پی)

اردن میں سرکاری ذرائع کے مطابق سبکدوش وزرا پر الزام ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے نافذ کئے گئے ’ہنگامی قانون‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔
اردن کی نیوز ویب سائٹ عمون نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر داخلہ سمیر مبیدین اور وزیر انصاف بسام طلحونی نے عمان کے ایک ریستوران میں 9 افراد کے ساتھ رات کے کھانے میں شرکت کی تھی جب کہ ہنگامی قانون میں زیادہ سے زیادہ 6 افراد کو شریک ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔
نائب وزیر اعظم اور مقامی انتظامیہ کے انچارج توفیق کرشن کو نیا وزیر داخلہ مقرر کیا گیاہے۔
قانونی امور کے ریاستی سیکریٹری احمد زیادات کو وزیر انصاف نامزد کر دیا گیاہے۔

دونوں وزرا کو ایک شاہی فرمان کے ذریعے سبکدوش کیا گیا ہے۔(فوٹو العربیہ)

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے واقعات میں اضافے کے بعد اردن نے رواں ہفتے اپنی کووڈ 19 پابندیوں کو سخت کردیاتھا۔
 پچھلے سال مارچ میں نافذ کردہ قواعد پر عملدرآمد کرنے کے لئے خاص طور پر وضاحت کی گئی تھی ان قواعدمیں گزشتہ ماہ ہی کچھ نرمی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اردن میں گزشتہ ماہ کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ساڑھے دس ملین آبادی والے ملک میں 3 لاکھ 86 ہزار کورونا کیسزریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ 4675اموات ہوئیں۔
 

شیئر: