Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان اور انڈیا دونوں دوست‘، امارات کی طرف سے سیز فائر کا خیر مقدم

پورے خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کے سلسلے میں اہم سنگ میل ہوگا۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے کشمیر کنٹرول لائن پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔  
متحدہ عرب امارات کے  خبررساں ادارے’ وام ‘کے مطابق اماراتی دفتر خارجہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کے انڈیا اور پاکستان کے ساتھ گہرے  اور تاریخی تعلقات ہیں۔امارات کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان فائر بندی کا سمجھوتہ کرنے پر خوشی ہوئی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’امارات کو یقین ہے کہ یہ برصغیر ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کے سلسلے میں اہم سنگ میل ہوگا‘۔ 
اماراتی دفتر خارجہ نے مزید کہا  کہ’ کشمیر کنٹرول لائن پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان پائدار جنگ بندی کی پابندی بڑی اہمیت رکھتی ہے‘۔
’دونوں ملک امارات کے دوست ہیں اور امارات کو یقین ہے کہ مستقل جنگ بندی سے فریقین کو فائدہ ہوگا‘۔
امارات نے دونوں دوست ملکوں سے خواہش ظاہر کی کہ’ وہ پائدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے اعتماد کے رشتے قائم کریں اور امن واستحکام اور خوشحالی کے حوالے سے اپنے عوام کی امنگوں کو پورا کریں‘۔

شیئر: