Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’الیکشن کمیشن شفافیت کے لیے بیلٹ پر بار کوڈ کا استعمال کرے‘

شبلی فراز نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات میں شفافیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔‘
پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ’سیکریسی دائمی نہیں ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔‘

 

ان کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے بیلٹ پیپر پر بار کوڈ اور دیگر ذرائع کا استعمال کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وقت کے تقاضے اور ہیں اور زمینی حقائق اور ہیں، ماضی میں سینیٹ الیکشنز میں ہمیشہ پیسے کا استعمال ہوتا رہا ہے، ہم چاہتے کہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’شفافیت کے لیے یہ ایک زبردست فیصلہ اور پاکستان کی جیت ہے۔‘
سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ’یہ کوئی حتمی بات نہیں، تاقیامت الیکشن خفیہ نہیں رہ سکتا۔‘
’اس سے قبل کروڑوں روپے دے کر ووٹروں کو خریدا جاتا تھا، اب سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ چوری کا راستہ روکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کرتا ہے۔‘
فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے الیکشنز میں شفافیت کے لیے طویل جدوجہد کی اور اپنے 20 ارکان صوبائی اسمبلی کو فارغ کر کے شاندار مثال قائم کی۔‘

شیئر: