Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی بنگال انتخابات، مودی کی ریلی میں 8 لاکھ لوگوں کی شرکت

ریاست مغربی بنگال میں انتخابات 27 مارچ کو منعقد ہوں گے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ریلی کی قیادت کی جس میں تقریباً 8 لاکھ افراد نے شرکت کی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بی جے پی ریاستی سطح پر بھی اپنا طاقتی اثر و رسوخ بڑھانا چاہتی ہے۔ 
انڈیا کے مقامی میڈیا اور بی جے پی نے حکومتی جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کی اس انتخابی ریلی میں شرکا کی تعداد کا اندازہ 5 سے 8 لاکھ کے درمیان لگایا ہے۔
ریاست مغربی بنگال میں گزشتہ دس سال سے ممتا بنرجی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ اگلے 25  سال کلکتہ کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
نریندر مودی نے کہا کہ جب انڈیا کی آزادی کے ایک سو سال منائے جائیں تو کلکتہ کو سب سے آگے ہونا چاہیے۔
بی جے پی کی ریلی کلکتہ میں بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جہاں دس لاکھ لوگوں کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔
نریندر مودی نے خطاب میں کہا کہ عوام کا حکومتی نظام، پولیس اور انتظامیہ میں یقین کو بحال کرنے کے لیے ریاستی سطح پر کام کیا جائے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ ایسی تبدیلی چاہتے ہیں جس سے تمام طبقات کے لیے معاشی خوشحالی، نوکریاں اور ترقی ممکن ہو۔
ریلی میں شریک ٹپاس برمن نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ تبدیلی کے لیے تیار ہیں، لڑیں گے اور جیتیں گے۔
9 کروڑ کی آبادی والی ریاست مغربی بنگال میں 7 کروڑ 30 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ انتخابات 27 مارچ کو منعقد ہوں گے جب کہ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔

شیئر: