Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آئل پورٹ اور آرامکو کے رہائشی علاقے پر ڈرون، میزائل حملے

اس سے قبل حوثیوں کے داغے گیے 12 ڈرونز تباہ کیے گئے ہیں۔(فوٹو سبق)
مشرقی سعودی عرب میں اتوار کو ایک بڑی آئل پورٹ اور آرامکو کے رہائشی علاقے پر ڈرون اور بیلسٹک میزائل سے حملے کی کوشش کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت توانائی نے ایک بیان میں کہا کہ’ راس تنورہ آئل پورٹ کے ایک بڑے ’پٹرولیم ٹینک فارم‘  پر اتوار کی صبح ڈرون سے حملہ کیا گیا۔ راس تنورہ دنیا کے بڑے آئل شپنگ پورٹ میں سے ایک ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’حملہ آور ڈرون سمندر کی سمت سے آیا تھا‘۔
 جبکہ اتوار کی شام بیلسٹک میزائل کا ایک ٹکڑا ظہران میں واقع سعودی آرامکو کے رہائشی علاقے کے قریب گرا جہاں کمپنی کے مقامی اور غیر ملکی ملازمین اور ان کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔
’دونوں حملوں میں کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی کسی املاک کو نقصان پہنچا ہے‘۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ’ ڈرون اور بیلسٹک میزائل کو راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا‘۔
وزارت کے ترجمان نے کہا ’سعودی عرب نے سبوتاژ اورعداوت پر مبنی کارروائیوں مذمت اور انہیں مجرمانہ عمل قرار دیا ہے۔  مملکت نے بین الاقوامی برادری اور عالمی تنظیموں مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کے خلاف متحد ہوجائیں جن کا نشانہ شہری اہداف اور اہم تنصیبات ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اس طرح کی سبوتاژ کی کارروائیوں کا ہد ف صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ دنیا میں انرجی سپلائی کی سیکیورٹی، استحکام اور عالمی معیشت  بھی ہے۔  یہ پٹرولیم برآمدات، عالمی تجارت کی آزادی اور جہاز رانی کی سیکیورٹی بھی متاثر کرتی ہے‘۔

ترجمان نے کہا ’ قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے‘۔(فوٹو عرب نیوز)

وزارت کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ ’میزائل جس کا ہدف آرامکو کی تنصیبات تھیں اسے مار گرایا گیا جس کے نتیجے میں میزائل کے ٹکڑے بکھر کرشہریوں اور شہری املاک کے قریب گرے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ وزارت قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گی‘۔
قبل ازیں عرب اتحاد نے کہا تھا کہ  جنوبی سعودی عرب پر ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائل راستے میں روک کر تباہ کردیے۔
الاخباریہ نے عرب اتحاد کے ترجمان کے حوالے سے بتایا تھا کہ حوثیوں نے جازان پر بیلسٹک میزائل سے حملے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حوثی ملیشیا نے اتوار کو سعودی عرب کے متعدد شہروں کو ڈرونز سے بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جسے ناکام بنایا گیا ہے۔
 اتحادی افواج کا کہنا تھا کہ ’حوثیوں کے داغے گیے 12 ڈرونز تباہ کیے ہیں‘۔
’حوثی مختلف شہروں میں شہری آبادی، نجی املاک اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
’ایران نواز حوثی ملیشیا عالمی قوانین ، اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہے‘۔
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی)، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے تحفظ سے متعلق سعودی اقدامات کے حامی ہیں۔
عرب پارلیمنٹ نے بھی حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ 

شیئر: