Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عالمی برادری حوثیوں کے حملے روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے‘

او آئی سی اور عرب ملکوں نے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
 اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی)، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے تحفظ سے متعلق سعودی اقدامات کے حامی ہیں۔
عرب پارلیمنٹ نے بھی حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے، العربیہ نیٹ اور امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)  نے سعودی عرب کی سول تنصیبات اور شہریوں پر حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حملہ آور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے قبل روک کر تباہ کرنے سعودی فضائیہ کی تعریف کی۔
انہوں نے او آئی سی کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کو روکنے کے لیے سعودی عرب جو اقدامات کرے گا او آئی سی اس کے ساتھ  ہوگی۔
عرب پارلیمنٹ نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثی دہشتگردوں کو سعودی عرب کی سول تنصیبات اور شہریوں کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں سے روکنے کے لیے فیصلہ کن اور فوری ٹھوس اقدامات کرے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردانہ کارروائیاں کرکے سعودی عرب میں شہریوں اور سول تنصیبات کو  نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ان کی یہ سرگرمیاں واجب مذمت ہیں۔ ان سے مملکت کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہورہا ہے۔

مسلسل دہشتگردانہ حملے بین الاقوامی برادری کے لیے کھلا چیلنج ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

عرب پارلیمنٹ نے حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کو ناکام بنانے پر عرب اتحادی افواج  کی پیشہ ورانہ لیاقت کی تعریف کی۔ 
کویتی دفتر خارجہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ حوثی دہشتگرد گھناؤنے انداز میں شہری آبادی اور سول تنصیبات پر ڈرون سے جو حملے کررہے ہیں وہ اس بات کی علامت ہیں کہ انہیں بحران کے سیاسی حل میں دلچسپی نہیں۔
کویت امن و استحکام کے ہر اقدام میں سعودی عرب کے ساتھ ہے اور حوثیوں کے بزدلانہ و دہشت گردانہ حملوں  کی مذمت کرتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے بیان میں کہا کہ وہ بارود بردار ڈرون سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔
اماراتی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے مسلسل دہشتگردانہ حملے بین الاقوامی برادری کے لیے کھلا چیلنج ہیں۔

 حوثی شہری آبادی اور سول تنصیبات پر ڈرون حملے کررہے ہیں( فوٹو ایس پی اے)

اماراتی دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ حوثیوں کی ان سرگرمیوں کو بند کرانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے۔ 
بحرین کے دفتر خارجہ نے حملوں پر حوثیوں کی مذمت کی جبکہ حملے ناکام بنانے پر عرب اتحاد کی استعداد اور صلاحیت کی تعریف کی۔  
اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ضیف الفایز نے کہا کہ حوثیوں نے بارود بردار ڈرونز کے ذریعے سعودی آبادی کو نشانہ بنانے کی جو کوشش کی ہے وہ گھناؤنی حرکت ہے اور بزدلانہ عمل ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملے بین الاقوامی انسانی قانون کے منافی ہیں۔ امن و استحکام کے لیے بحران کے پرامن تصفیے کے لیے جاری بین الاقوامی مساعی سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ 

شیئر: