Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں سرمایہ کاروں کو طویل المیعاد اقامے جاری ہوں گے

’سرمایہ کاروں کو طویل المیعاد اقاموں کے اجراکے شرائط و ضوابط کا بعد میں اعلان کیا جائے گا‘ ( فوٹو: الشبیبہ)
سلطنت عمان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار کرنے والے غیر ملکیوں کو انکم ٹیکس میں چھوٹ اور سرمایہ کاروں کو طویل المیعاد اقامے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ کے مطابق حکومت کے وژن 2040ء کے تحت نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد عمان کی معیشت کو متنوع بنانا اور تیل کی دولت پر انحصار کم کرنا ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران کرونا وائرس اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتوں نے اس کے لیے مزید مسائل پیدا کر دیے ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ عمان کی معیشت 2020ء میں 6.4 فی صد تک سکڑ گئی ہے۔ اس نے یہ تخمینہ لگایا تھا کہ رواں سال میں عمانی معیشت کی شرح نمو 1.8 فی صد رہے گی۔
عمانی حکومت کی نئی اصلاحات کے تحت اس سال معیشت کو متنوع بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں پر عائد انکم ٹیکس میں کمی کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ دُقم اسپیشل اکنامک زون اوردوسرے صنعتی علاقوں میں 2022ء کے اختتام تک کرایوں میں کمی جارہی ہے۔
عمان کی وزارتی کونسل غیرملکی سرمایہ کاروں کو طویل المیعاد اقامے دینے کا جائزہ لے گی البتہ ایسے اقاموں کے اجرا کے شرائط و ضوابط کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مارکیٹ سے متعلق دیگر مراعات بھی دی جائیں گی۔

شیئر: