Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی شعبے میں رہائشی مراکز کے لائسنس کے لیے نئی شرائط

سعودی وزیر سیاحت نے ترمیمی بل کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر) 
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کے علاوہ فرنشڈ اپارٹمنٹس کے لیے ترمیمی بل کی منظوری دی ہے۔  
منظور کیے جانے والے قانون کی بنیادی شرط کے مطابق سیاحوں کے لیے رہائشی امور کا لائسنس حاصل کرنے والا سعودی ہو اور ماضی میں کسی قسم کے اخلاقی جرائم میں سزا یافتہ نہ ہو۔ 
سبق نیوز ویب سائٹ نے وزیر سیاحت کی جانب سے جاری مجوزہ قانون کے حوالے سے بتایا کہ سیاحتی شعبے میں رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے قواعد میں کی جانے والی تبدیلی اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔ 
نئے بل میں ’بوتیک ہوٹلز‘ میں معیاری سہولتوں کےعلاوہ ہاسپٹل ہاسٹلز، فارم ہاؤسز، ون سٹار سے سکس سٹار تک کے ہوٹلوں اور سیاحتی مراکز کے لیے لائسنس کے حصول کے مراحل کو آسان بنایا گیا ہے تاہم بنیادی شرط سرمایہ کار کا سعودی ہونا ہے۔ 
لائسنس کے حصول کی شرائط میں کی جانے والی تبدیلی کے بعد درخواست گزار کی ضرورت کے تحت اسے فوری اجازت جاری کرتے ہوئے 180 دن کی مہلت دی جائے گی جس کے دوران وہ مطلوبہ اشیا فراہم کرسکتا ہے، سرمایہ کار کی سہولت کے لیے لائسنس کے حصول یا دیگر معاملات کی انجام دہی کے لیے ویب سائٹ بھی مخصوص کی گئی ہے جہاں اپنی رائے اور شکایات سے مطلع کیا جا سکے گا۔ 
ترمیم شدہ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ لائسنس حاصل کیے بغیر کسی کو بھی سیاحتی حوالے سے رہائشی سروسز فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ 

شیئر: