Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فریال تالپور کی رکنیت معطلی: سندھ حکومت کا جج پر اختیارات سے تجاوز کا الزام

پیپلز پارٹی کی درخواست میں فریال تالپور کیس کی سماعت کراچی منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کی جانب سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات سے متعلق کیس میں پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی فریال تالپور کی رکنیت معطل کرنے کے خلاف چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور جسٹس آفتاب احمد گورڈ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی کارروائی کراچی منتقل کرنے کی استدعا کی ہے۔
گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے صوبے میں کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام نہ کیے جانے پر رتوڈیرو سے منتخب ایم پی اے فریال تالپور کی اسمبلی رکنیت معطل کردی تھی۔
اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو درخواست ارسال کی، جس میں سکھر بنچ کے جسٹس آفتاب احمد گورڈ پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سکھر بینچ میں زیر سماعت کیس کی سماعت کی کارروائی کراچی منتقل کی جائے۔
سندھ حکومت نے موقف اپنایا ہے کہ جسٹس آفتاب احمد گورڈ سندھ حکومت کیسز میں اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کا کوئی بھی کیس جسٹس آفتاب احمد گورڈ کی عدالت میں نہ لگایا جائے۔

شیئر: