Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال میں کتنی بار ٹریفک خلاف ورزیوں پر اعتراض ممکن ہے؟

ایک خلاف ورزی پر ایک بار اعتراض درج ہوسکتا ہے- (فوٹو ٹریفک پولیس ٹوئٹر)
سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ایک عیسوی سال کے دوران ٹریفک خلاف ورزیوں پر آن لائن جتنے چاہیں اعتراضات ریکارڈ کرائے جاسکتے ہیں، اس کے لیے کوئی انتہائی حد مقرر نہیں البتہ اگر 5 اعتراضات مسترد کردیے گئے ہوں تو ایسی صورت میں مزید اعتراضات پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 
المرصد ویب سائٹ کے مطابق ابشر پلیٹ فارم نے آن لائن ٹریفک خلاف ورزیوں پر اعتراض کے اندراج کے ضابطے جاری کیے ہیں۔  
اعتراض درج کرانے کے لیے پلیٹ فارم پر لاگ ان ہونا ہوگا پھر ’خدماتی‘ خانے کا انتخاب کیا جائے گا، اس کے بعد المرور کو پش کرنا ہوگا۔ آخر میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر اعتراض کے خانے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ 
کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی پر اعتراض درج کرانے کے لیے ضروری ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کے اندراج پر 30 دن سے زیادہ نہ گزرے ہوں۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ ایک خلاف ورزی پر ایک بار ہی اعتراض درج کرایا جاسکتا ہے۔ اعتراض پر اعتراض نہیں۔ اسی طرح ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا جس کی بابت فیصلہ کردیا گیا ہو۔ 
اخبار 24 کے مطابق محکمہ ٹریفک نے بیان میں کہا ہے کہ  اگر ٹریفک خلاف ورزی پر اعتراض سات روز کے اندر نہ نمٹایا گیا تو ایسی صورت میں  ٹریفک اتھارٹی سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ 
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص نے ایک برس  کے دوران متعدد اعتراضات درج کرائے ہوں اور پانچ مسترد کردیے گئے ہوں تو ایسی صورت میں ٹریفک خلاف ورزی پر اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: