Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوکیو اولمپکس: غیر ملکی تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد

تاریخ میں پہلی بار اولمپکس میں تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے لیے غیر ملکی تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو اولمپکس کے منتظمین نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے اسے مایوس کن مگر ’ناگزیر‘ قرار دیا ہے۔

 

اس فیصلے کے بعد ٹوکیو اولمپکس تاریخ کا پہلا میگا ایونٹ ہوگا جس میں غیر ملکی تماشائیوں کی آمد پر پابندی لگائی گئی ہے۔ جاپان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے منتظمین کی جانب سے ایونٹ کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگا۔ 
مقامی منتظمین، جاپانی حکام، اولمپکس اور پیرالمپکس حکام نے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جاپان اور بیرونی دنیا میں کورونا وائرس ابھی بھی ’ایک بڑا چیلنج‘ ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کی اورگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ سیکو ہاشی موتو کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔‘
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ اولمپکس میں حصہ لینے والے ہر شخص اور جاپانی عوام کی سلامتی کے لیے کیے گئے اس فیصلے کا مکمل احترام اور حمایت کرتے ہیں۔‘
جاپان میں ایک حالیہ پول کے مطابق 75 فیصد جاپانی ٹوکیو اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت کے مخالف ہیں۔ پول میں صرف 18 فیصد افراد نے غیر ملکی شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی۔
رواں برس جنوری میں کیے گئے ایک پول کے مطابق جاپان میں اولمپکس کی عوامی حمایت میں کمی آئی جبکہ ایک اور پول کے مطابق 80 فیصد سے زائد افراد کا کہنا تھا کہ ’گیمز کو منسوخ یا دوبارہ سے ملتوی کر دینا چاہیے۔‘

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تماشائیوں پر پابندی کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

جاپان کے وزیر برائے ایڈمنسٹریٹو اور ریگولیٹری ریفارمز تارو کونو کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے ساتھ ’کچھ بھی ہوسکتا‘ ہے۔‘
تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے سربراہ تھامس بیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 'کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس رواں سال موسم گرما میں منعقد ہوں گے، اور اس حوالے سے 'کوئی پلان بی نہیں' ہے۔
ایک انٹرویو میں آئی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 'ہمارے پاس اس وقت کوئی وجہ نہیں ہے کہ اس بات پر یقین کریں کہ 23 ​​جولائی کو ٹوکیو میں اولمپکس کا آغاز نہیں ہو سکے گا۔'
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا۔
یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب یہ نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونی ہیں۔

شیئر: