Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسینیشن: ’50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن 30 مارچ سے‘

پاکستان میں روسی اور چینی کمپنیوں کی ویکسین کی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں (فوٹو: این سی او سی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ ’ 50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے کر دیا جائے گا۔‘
جمعہ کو ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں انھوں نے بتایا کہ ’ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے۔ اب 50 سال سے اوپر کے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایسے تمام افراد جن کی عمر 50 سال سے زائد ہے ان پر کورونا ویکسین لگوانے اور رجسٹریشن کے لیے زور دیں۔‘
اس سے قبل ملک میں دو مراحل میں ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسین لگانے کا آغاز دو فروری کو ہوا۔
دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانا شروع کی گئی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
پاکستان میں وفاقی حکومت نے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ نجی کمپنیوں کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وفاقی کابینہ کی منظوری سے روسی اور چینی کمپنیوں کی ویکسین کی قیمتیں بھی مقرر کر دی ہیں۔
ویکسین لگوانے کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج بھیج کر رجسٹریشن کرانا ہوگی جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کا جوابی پیغام موصول ہوگا۔  

ویکسین لگانے کے لیے حکومت نے مختلف شہروں میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

رجسٹریشن کے لیے نادرا نے ایک خصوصی سافٹ ویئر بھی بنایا ہے جسے نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) کہا جاتا ہے۔
ایس ایم ایس کرنے یا این آئی ایم ایس کے ذریعے رجسٹر ہونے کے بعد آپ کے شناختی کارڈ پر درج موجودہ پتے کے مطابق آپ کو قریبی ویکسینیشن سینٹر کا پتا ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوتا ہے۔  
اس کے بعد آپ کو انتظار کرنا ہو گا اور جوں ہی ویکسین آپ کے درج کردہ سینٹر میں دستیاب ہو جائے گی تو آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے ویکسین لگانے کی تاریخ اور وقت بتا دیا جائے گا۔ سینٹر پر ساتھ لانے کے لیے ایک پن کوڈ بھی بھیجا جائے گا جو ساتھ لانا ضروری ہوگا۔
میسج موصول ہونے کے بعد اگر کسی وجہ سے آپ سینٹر تبدیل کروانا چاہیں تو سات دن کے اندر ہیلتھ کیئر یونٹ ایک دفعہ تبدیل کرایا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کا آغاز طبی عملے سے کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے لیے آپ کو 1166 پر کال کرنا ہو گی یا این آئی ایم ایس سسٹم پر جا کر اپنا سینٹر تبدیل کروانا ہو گا۔
ویکسینیشن سینٹرز پر شہریوں کی سہولت کے لیے معلوماتی کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں آنے والے تمام افراد کے نام، عمر اور درجہ حرارت کا اندراج کیا جاتا ہے۔
شناخت کی تصدیق کے بعد شہریوں کو تربیت یافتہ عملے کی جانب سے ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسین لگنے کے بعد کم سے کم 30 منٹ تک ویکسینیشن سینٹر میں ہی رکھا جاتا ہے تاکہ مانیٹر کیا جا سکے کہ ویکسین کے کوئی سائیڈ افیکٹس تو ظاہر نہیں ہو رہے۔

شیئر: