Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیلکٹرز بزدار کو ہٹانا چاہتے تھے لہذا زرداری نے پنجاب میں تبدیلی کی بات کر دی‘

مریم نواز نے کہا کہ گیلانی کو اپوزیشن لیڈر انہوں نے منتخب کیا جو اپنے باپ کی اجازت کے بغیر ووٹ نہیں دیتے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے عمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں یہ پہلی مثال ہے کہ لیڈر آف دی اپوزیشن کو حکومتی ارکان الیکٹ بلکہ سیلیکٹ کر رہے ہیں۔
سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ان لوگوں نے اپوزیشن لیڈر منتخب کیا جو اپنے باپ کی اجازت کے بغیر کسی کو ووٹ نہیں دیتے۔
مریم نواز کے مطابق ’زرداری صاحب نے پی ڈی ایم میں ایک بار یہ تجویز دی کہ پنجاب کے اندر تبدیلی لے آئیں، بزدار کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے پرویز الہیٰ یا کسی دوسرے کو وزیراعلیٰ بنا دیں تو میاں نواز شریف نے اس پیشکش کو یکسر مسترد کر دیا۔‘
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ باپ کے کہنے پر باپ سے ووٹ لینے والوں نے عوامی جدوجہد کو نقصان پہنچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ووٹ چاہیے تھے تو نواز شریف سے کہتے جنہوں نے انہیں سینیٹ الیکشن بھی وقت دلوائے تھے، وہ 17 کے 17 ووٹ دے دیتے۔
مریم نواز نے بتایا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ عوام کو کچھ معلوم نہیں تو آپ خود کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹ ہونا ہی ہے تو پھر آپ کو عمران خان کی تابعداری کرنی چاہیے۔

مریم نواز نے سید یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آدھا تیتر آدھا بٹیر، کبھی حکومت کبھی اپوزیشن، یہ سلسلہ نہیں چل سکتا۔‘
مریم نواز کے مطابق حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے مسلم لیگ ن، مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتیں ہی کافی ہیں۔
ان کے بقول نواز شریف اپنے اصولی موقف پر کھڑے ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایک  طرف تو آئین و قانون کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں اور دوسری طرف چھوٹے سے فائدے کے لیے جمہوری بیانیے کو روند رہے ہیں۔
ان کے مطابق چھوٹے سے عہدے کے لیے جمہوری جدوجہد کو نقصان پہنچایا گیا۔
پرویز مشرف کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر مریم نواز کاکہنا تھا کہ وہ اس وقت دنیا کے  لیے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں۔

 

شیئر: