Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی مافیا واٹس ایپ پر قیمت طے کرتی ہے: شہزاد اکبر

شہزاد اکبر کے مطابق پنجاب میں آٹھ دس لوگ ہیں جو چینی کی مارکیٹ چلاتے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ سٹہ مافیا واٹس ایپ پر چینی کی قیمت اوپر نیچے کرتا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ ’کچھ دن پہلے ایف آئی اے نے لاہور میں سٹے بازی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔ ان لوگوں کے فونز، کمپیوٹرز اور کھاتے برآمد کیے گئے اور ان کا فرانزک تجزیہ کیا گیا، تو ان میں بہت سارے انکشافات ہوئے۔‘
شہزاد اکبر کے مطابق ’یہ قیمتوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھاتے ہیں اور واٹس ایپ پر قیمتوں کو اوپر نیچے کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بھی ایف آئی اے نے کارروائی کی اور وہاں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پنجاب میں آٹھ دس بڑے پلیئرز ہیں جو چینی کی مارکیٹ چلاتے ہیں اور اس کی قیمت طے کرتے ہیں۔‘
معاون خصوصی برائے احتساب کے مطابق کئی سرمایہ کار بھی اس کام میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سٹے باز پہلے سے چینی کے ریٹ طے کرتے ہیں۔ ہم سب ان آٹھ دس افراد کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کرنا بہت ضروری ہے۔‘
شہزاد اکبر نے لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی کے حوالے سے کہا کہ ’ہم نے ان لوگوں سے لاکھوں کاغذات برآمد کیے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب نے انکشاف کیا کہ ’ہمارے پاس خبر تھی کہ سٹے باز رمضان میں چینی کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ کرنے جا رہے تھے۔ رمضان میں چینی کی قیمت میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کیا جا رہا تھا۔‘
شہزاد اکبر کے مطابق 35 سے 40 فیصد چینی جو عام صارف استعمال کرتا ہے اس پر سٹے بازی کی جاتی ہے۔

شیئر: