Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی: ’سوشل میڈیا پر غیر قانونی عطیات کی مہم سے خبردار‘

بغیر لائسنس عطیات جمع کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں (فوٹو: دی نیشنل)
ابوظبی پولیس نے رمضان میں غیر قانونی عطیات جمع کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلاحی کاموں کا حوالہ دے کر لوگوں سے عطیات حاصل کرنے اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مہم چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور چیٹنگ پلیٹ فارمز پرجاری ہونے والے فرضی اشتہارات پریقین نہ کیا جائے جو سادہ لوح افراد کو دھوکہ دیتے ہوئے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ فلاحی ہسپتال اورعبادت گھر بناتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ان اشتہارات میں لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ یتیم اور ضرورت مندوں کی کفالت بھی کی جاتی ہے۔ 
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون کی شق 27 بموجب 2012 برائے انسداد جرائم دہشتگردی کے مطابق غیر لائسنس یافتہ ادارے یا افراد لوگوں سےعطیات جمع کرنے کے اہل نہیں۔
ایسے افراد جوغیر قانونی عطیات جمع کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہیں جس کی سزا قید اور دو لاکھ 50 ہزار سے پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہے۔ 
بیان میں پولیس کا کہنا ہے کہ جو افراد عطیات دینے کے خواہاں ہیں وہ لائسنس یافتہ فلاحی انجمنوں اور اداروں کو چندہ دیں جنہیں حکومت کی جانب سے باقاعدہ اجازت دی گئی ہے اور حکومت ان اداروں کے اعمال سے بھی باخبر ہوتی ہے۔  

شیئر: