Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیس سمگلروں کے ’خفیہ پیغامات‘ پڑھنے میں کامیاب، 28 ٹن کوکین برآمد

20 فروری سے 27.64 ٹن کوکین اینٹ ورپ کی بندرگارہ پر برآمد کی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بیلجیئم کے شہر اینٹ ورپ میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ایک دوسرے کو بھیجے گئے خفیہ پیغامات پڑھ کر تقریباََ 28 ٹن کوکین برآمد کی ہے جس کی مالیت 1.4 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اینٹ ورپ پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی پولیس نے دو سال تک منظم جرائم کی تحقیقات کیں اور ان 50 کروڑ پیغامات کا جائزہ لیا گیا جو سکائی ای سی سی ڈیوائسز کے ذریعے بھیجے گئے تھے۔
یہ ڈیوائسز کینیڈا کی کمپنی سکائی گلوبل کی جانب سے  فروخت کی گئی تھیں۔ 20 فروری سے اب تک 27.64 ٹن کوکین اینٹ ورپ کی بندرگارہ پر برامد کی گئی۔ جس میں سے 11 ٹن جمعے اور ہفتے کی رات کو ایک کنٹینر سے ملی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’کوکین، کا براہ راست تعلق سکائی ای سی سی کے کیس سے جوڑا جا سکتا ہے۔'
چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سکائی گلوبل کے ایک اہلکار پر مارچ میں مبینہ طور پر منشیات کی سمگلنگ میں مدد دینے کے الزام میں امریکہ میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
ان تحقیقات کے دوران بیلجیئم میں 48 افراد گرفتار کیے گئے جن سے اسلحہ، پولیس کی وردیاں اور 12 لاکھ یورو (14 لاکھ ڈالر) بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ 
تحقیقات کا دائرہ دیگر کئی ممالک تک بھی پھیلا دیا گیا ہے جن میں فرانس بھی شامل ہے، جہاں مارچ میں پانچ افراد پر منشیات سمگل کرنے والوں کو انکریپٹڈ ٹیلی فون بیچنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’خفیہ پیغامات کے ڈیٹا کی مدد سے 20 فروری سے اب تک درجنوں منشیات کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں۔‘

شیئر: