Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوتھے میچ میں بھی پاکستان فاتح، ٹی 20 سیریز بھی جیت لی

تیسرے میچ میں کپتان بابر اعظم نے کیریئر کی پہلی ٹی 20 سینچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے سنچورین میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 1-3 سے جیت لی۔
محمد نواز نے آخری اوور کی پانچویں بال پر چھکا لگا کر میچ اور سیریز میں پاکستان کو کامیابی دلوا دی۔ اُس وقت پاکستان کو جیت کے لیے دو گیندوں پر دو رنز درکار تھے۔ محمد نواز 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
فہیم اشرف کو چار اوورز میں 17 رنز کے عوض تین کھلاڑی آؤٹ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کپتان بابر اعظم پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
گذشتہ میچ میں سینچری سکور کرنے والے کپتان بابر اعظم صرف 24 رنز بنا سکے۔ لیزاڈ ولیمز کی بال پر تبریز شمسی نے باؤنڈری پر ان کا کیچ لیا۔ 

 

آصف علی اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف پانچ رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سسانڈا مگالا نے اپنی ہی بال پر ان کا کیچ لیا۔
تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔ تبریز شمسی کی بال پر لیزاڈ ولیمز نے ان کا کیچ لیا۔
حیدر علی بھی ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ فیلکووائیو کی گیند پر فارچون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان 34 گیندوں پر 60 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
اوپنر محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پہلے اوور کی دوسری بال پر ہی سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ انہیں فارچون نے آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لیزاڈ ولیمز اور سسانڈا مگالا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فلیکووائیو، تبریز شمسی اور فارچون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 144 رنز پر بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کی جانب سے رسی وینڈر ڈسن نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے، ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ حارث رؤف کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔
یانیمن ملان 33 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی بال پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور حسن علی نے تین تین جبکہ حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور گذشتہ میچ کی ٹیم کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے رسی وینڈر ڈسن نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ پہلا ٹی 20 میچ پاکستان نے جیتا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی۔ تیسرے ٹی 20 میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 

شیئر: