Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ زمبابوے: گرین شرٹس فتح کا مومینٹم برقرار رکھنے کے لیے پُرامید

پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں۔
بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بھر پور فارم میں نظر آئے۔ دونوں کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 197 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری بھی بنی۔
شاداب خان کے انجرڈ ہونے کے بعد ان کی جگہ لینے والے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ان کی شاندار کارکردگی پر چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔
اس سے قبل دورہ زمبابوے کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بہت زیادہ اعتماد ملے گا۔ جب آپ جنوبی افریقہ سے جنوبی افریقہ میں سیریز جیتتے ہیں تو آپ کو بہت تقویت ملتی ہے۔‘
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ ’ہمیں سیکھنا ہو گا کہ ہم کہاں غلطیاں کرتے ہیں اور ہمیں ان پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں سب کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔ سب پرفارم نہیں کر رہے لیکن ہمیں فارم پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
بابر اعظم کے بقول ’اب ہمیں زمبابوے اور پھر ورلڈ کپ کے لیے جانا ہے، تو تیاریاں زوروں پر ہیں۔ ہم ورلڈ کپ کے حوالے سے ہر چیز کو حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔‘
دوسری جانب حال ہی میں افغانستان کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا شکار ہونے والی زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھی قسمت کے لیے پرامید ہو گی۔
اس سیریز کے لیے بھی زمبابوے کے کپتان شان ولیمز ہوں گے۔
اس سیریز کے لیے سکواڈ میں زمبابوے نے ڈومیسٹک میچز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے تین نوجوان پلیئرز کو شامل کیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں گذشتہ سال نومبر میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں اور گرین شرٹس نے اپنی سرزمین پر زمبابوے کو تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

شیئر: