Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کمٹمنٹ تو کمٹمنٹ‘، شائقین کو ’رادھے‘ کا انتظار

فلم 13 مئی کو سینماؤں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ایک ساتھ ریلیز کی جائے گی (فوٹو: سلمان خان پروڈکشن)
کورونا وبا نے جہاں پوری دنیا کے نظام زندگی کو متاثر کیا وہیں اس سے دنیا بھر کی فلم انڈسٹری کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایسے وقت میں بالی وڈ کے ’دبنگ خان‘ سلمان خان نے مداحوں کے لیے اس عید پر اپنی فلم ’رادھے‘ کی ریلیز کا اعلان کیا ہے۔
شائقین کو اس فلم کا اس قدر بے صبری سے انتظار ہے کہ اس کے چرچے ٹوئٹر پر بھی ہو رہے ہیں۔
فلم کی پروڈکشن ٹیم نے بدھ کو ڈیجیٹل دنیا میں ’رادھے‘ کا ٹریلر جاری کرنے کا اعلان کیا جبکہ سلمان خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی آنے والی فلم کے ٹریلر کا یوٹیوب لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تو ملتے ہیں کل‘۔
فلم شائقین جہاں ابھی سے فلم دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین نے کورونا وبا کے دوران فلم کے ریلیز ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
اس عید پر آنے والی فلم کے بارے میں جاننے کے بعد صارف آئی ایم کریتی لکھتی ہیں کہ ’پورے ملک میں ویسے ہی وبا پھیلی ہوئی ہے اور کل ایک اور بڑی وبا کا ٹریلر آ جائے گا، محفوظ رہیں۔‘

جبکہ فلم ریلیز کرنے کے فیصلے کے حق میں بات کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف سدھارت ماتھر اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’مجھے لگتا ہے یہ ایک اچھا فیصلہ ہے اور کمٹمنٹ تو کمٹمنٹ ہوتی ہے۔’ رادھے‘ فلم کا ٹریلر کل آ رہا ہے۔‘

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ ڈیشا پٹانی، جو اس فلم میں سلمان خان کی ہیروئن ہیں۔ انہوں نے بھی ٹویٹ کرتے یوئے کہا کہ ’یہ عید رادھے کے ساتھ، کاؤنٹ ڈاون شروع ہو چکی ہے۔‘
ایک اور صارف نے فلم کو ’ونڈر وومین‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’سلمان خان ہالی وڈ کی ونڈر وومین کے راستے پر ہیں۔ رادھے بالی وڈ کی پہلی فلم ہے جو دو پلیٹ فارمز پر ریلیز ہو گی۔‘

خیال رہے کہ ’رادھے‘ سلمان خان فلمز کے بینر تلے ریلیز کی جا رہی ہے۔ اس کے ڈائریکٹر مشہور ڈانسر پربھو دیوا ہیں۔

شیئر: