Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمیشہ یاد رکھیں گے‘ بالی وڈ موسیقار شرون راٹھور کا کورونا سے انتقال

موسیقار شرون راٹھور کے بنائے ہوئے گیت 90 کی دہائی میں ہٹ ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے موسیقار شروان راٹھور کو خراج تحیسن پیش کیا جا رہا ہے جو جمعرات کے روز کورونا کے باعث ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 66 سال تھی۔
 پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے موسیقار کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ان کے والد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل رہے اور گذشتہ روز انتقال کر گئے۔
شرون راٹھور نے ساتھی موسیقار ندیم سیفی کے ساتھ مل کر 1990 کی دہائی کی بالی وڈ کی انتہائی کامیاب فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ اس جوڑی کو انتہائی کامیاب سمجھا جاتا ہے۔ بہترین کارکردگی پر انہیں کئی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شرون راٹھور کے کئی گیت 90 کی دہائی کے سپرہٹ گانوں میں شامل تھے۔ 
انہوں نے عاشقی، ساجن، دل ہے کہ مانتا نہیں، سڑک اور دیوانہ سمیت کئی دیگر فلموں کے لیے میوزک تیار کیا۔
آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے شرون راٹھو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری میوزک انڈسٹری اور آپ کے چاہنے والے آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے باعث انڈیا میں صورت حال کافی خراب ہے اور کئی کئی نامور شخصیات بھی وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔

شیئر: