Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری پابندیاں، دھرنے، کوئٹہ میں دھماکہ اور مدینہ سے کھجوریں لانے کی آفر سمیت پاکستان سے ہفتے بھر کی اہم خبریں

سرینا ہوٹل دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایمل کاسی کی ایک ماہ بعد شادی تھی (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں احتجاج، مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قراردار اور پی آئی اے کی جانب سے فضائی عملے کو دوران پرواز روزہ نہ رکھنے کی ہدایت گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں اہم موضوعات رہے۔
نواز شریف کا مزاحمتی بیانیہ، پاکستان کی جانب سے انڈیا سمیت 23 ملکوں سے آنے والوں پر پابندی، شہباز شریف کی ضمانت سے متعلق خبریں بھی اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز رہیں۔
پی آئی اے کی جانب سے مدینہ سے کھجوریں لانے کی پیشکش اور کوئٹہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں دو دوستوں کا ذکر بھی ہفتہ رفتہ کے دیگر موضوعات پر غالب رہا۔

حکومت اور تحریک لبیک کے مذاکرات: ’یرغمال‘ اہلکار چھوڑ دیے گئے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے 11 ’یرغمال‘ پولیس اہلکار چھوڑ دیے ہیں۔ پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا ہے۔ پیر کی صبح بات چیت کا دوسرا راؤنڈ ہوگا‘۔
وزیر داخلہ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’اغوا کیے گئے 11 اہلکاروں کی بازیابی کے لیے آپریشن کیا گیا‘ (فوٹو: پنجاب پولیس)

مظاہرین پر پولیس تشدد کی ویڈیوز وائرل، قانون کیا کہتا ہے؟

پاکستان میں تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے نتیجے میں ہونے والے مظاہروں میں پولیس اہلکاروں پر تشدد اور پنجاب پولیس کی جانب سے آپریشن کے بعد راستے کھلوانے کی وجہ سے عوام میں پولیس کے لیے ہمدردی پائی جا رہی تھی۔
سوشل میڈیا پر پولیس کے کردار کو سراہا گیا اور زخمی اور ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی ستائش کی گیئی۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

ماہرین کے مطابق ’ایسا لگتا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کے تشدد کے جواب میں تشدد کیا ہے لیکن یہ قابل قبول نہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

قومی اسمبلی: فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد پیش

قومی اسمبلی میں فرانس سمیت دیگر ممالک کے سامنے توہین رسالت کا معاملہ اٹھانے کے لیے قرارداد پیش کر دی گئی ہے۔ قرارداد تحریک انصاف کے رکن امجد علی خان نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کی حوصلہ افزائی انتہائی افسوسناک ہے۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن نے بتایا تھا کہ ’تحریک لبیک دھرنا ختم کرنے پر رضا مند ہو گئی ہے‘(فوٹو اے ایف پی)

نواز شریف کے مزاحمتی بیانیے کا آغاز کب ہوا تھا؟

18 اپریل 1993 کو نواز شریف حکومت کی برطرفی کا پروانہ عوام کی اکثریت کے لیے سیاسی دھماکہ تھا۔ ملک کے دو بڑوں کے درمیان دوریوں اور تلخیوں سے باخبر سیاسی حلقوں کے لیے یہ خبر غیر متوقع نہ تھی، اور جنہیں محض ایک دن قبل وزیراعظم نواز شریف کی تند و تیز باغیانہ تقریر کے نتائج کا اندازہ تھا ان کے نزدیک اس واقعے کا نہ ہونا اچھنبے کی بات ہوتی۔
17 اپریل کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں وزیراعظم نواز شریف نے کسی کمزوری، کوتاہی اور پسپائی کا مظاہرہ نہ کرنے اور ڈکٹیشن نہ لینے کا اعلان کر کے گویا طبل جنگ بجا دیا تھا۔
تفصیل یہاں پڑھیں

پنجاب میں پیپلز پارٹی کا اثر کم کرنے کے لیے نواز شریف کا انتخاب کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’دوران پرواز روزہ نہ رکھیں‘ پی آئی اے کی فضائی عملے کو ہدایت

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پائلٹس اور کیبن کریو کو دوران ڈیوٹی روزہ رکھنے سے منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روزہ رکھنا ناگزیر ہے تو رمضان میں چھٹی لے لیں۔ ساتھ ہی آگاہ بھی کیا گیا ہے کہ دوران پرواز روزہ رکھنے والے کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے 16 اپریل کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’روزے کی حالت میں صحیح طریقے سے فرائض کی انجام دہی نہیں ہو سکتی اور کوتاہی کا خدشہ رہتا ہے، لہٰذا مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے فلائٹ کیبن کریو بشمول پائلٹس روزہ رکھنے سے اجتناب کریں۔‘
مکمل خبر یہاں پڑھیں

دوران پرواز روزہ رکھنے والے کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے (فوٹو: پی آئی اے)

انڈیا سمیت 23 ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی

پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انڈیا سمیت 23 ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی ہے۔
منگل کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انڈیا کو سفری پابندی والے ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا یے۔
انڈیا کے علاوہ 22 دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
مزید تفصیل پڑھیں

شہباز شریف کی ضمانت: اختلافی نکات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جاری

پاکستان کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ضمانت کے تحریری فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے دونوں ججز نے ایک دوسرے پر تنقید کی ہے۔
اردو نیوز کو حاصل دوالگ الگ فیصلوں میں دونوں ججز نے الگ الگ رائے کا اظہار کیا ہے۔ 
خبر کی مکمل تفصیل یہاں پڑھیں

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے اپنے فیصلے میں نیب کے وکلا کے دلائل پر زیادہ بھروسہ کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’اپنا آرڈر بک کرائیں‘ پی آئی اے مدینہ سے کھجوریں لائے گا

کورونا وبا کے باعث آپ خود یا آپ کا کوئی رشتہ دار رواں سال عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہیں گیا اور وہاں کی خاص کھجوریں ابھی تک آپ کے افطار دسترخوان کی زینت نہیں بنیں تو پاکستان کی قومی ایئرلائن اس کا حل لے آئی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اب اپنی کارگو خدمات کے ذریعے پاکستان میں مدینہ کی کھجوریں آرڈر پر فراہم کرے گی۔
مزید تفصیل یہاں پڑھیں

پی آئی اے نے عام شہریوں اور کھجوریں درآمد کرنے والوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

قومی اسمبلی میں قرارداد پیش،تحریکِ لبیک کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان نے مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’حکومت نے پارلیمان میں قرارداد پیش کر کے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کیا معاہدہ پورا کر دیا ہے اور اب تناؤ کا ماحول ختم ہو گیا ہے۔‘
کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما شفیق امینی کا کہنا ہے کہ ’حکومت نے ہمارا بڑا مطالبہ مانتے ہوئے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہے۔‘
خبر کی مزید تفصیل کے لیے وزٹ کریں

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اس تنظیم پر سے پابندی ہٹانا ہمارا اختیار نہیں، ان کے پاس اپیل کا حق ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)

کوئٹہ دھماکہ: ’ان کی خوشیاں ایک تھیں، دنیا سے گئے بھی اکٹھے‘

کوئٹہ میں بدھ کی رات کو سرینا ہوٹل میں بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایمل کاسی کی ایک ماہ بعد شادی تھی مگر ان کا گھر ماتم کدہ بن گیا ہے۔
ایمل کے قریبی عزیز عنایت کاسی نے بتایا کہ ایمل کاسی چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے اور ان کی شادی عید کے ایک ہفتہ بعد طے پائی تھی۔

دونوں دوستوں کے متعلق مزید پڑھیں

شیئر: