Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سمیت 23 ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی

(این سی او سی) نے انڈیا سے فضائی اور زمینی راستے سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انڈیا سمیت 23 ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی ہے۔
منگل کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انڈیا کو سفری پابندی والے ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا یے۔
انڈیا کے علاوہ 22 دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
خیال ریے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے انڈیا سے فضائی اور زمینی راستے سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
انڈیا کے علاوہ جنوبی افریقہ، برازیل ، زمبابوے، کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیک، چلی اور ونزویلا سمیت 23 ممالک سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سی کیٹگری میں شامل ہیں جہاں سے آمد سے قبل مسافروں کو خصوصی اجازت طلب کرنا ہوگی۔ 
سول ایوی ایشن سے خصوصی اجازت کے بغیر ان ممالک سے آنے والے غیر ملکیوں اور پاکستانیوں کی آمد پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم دورہ زمبابوے پر ہے جس سے واپسی کے لیے ٹیم کو خصوصی اجازت نامے کے بعد وطن واپس لایا جائے گا۔ 
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کو بی کیٹگری میں برقرار رکھا ہے۔ بی کیٹگری میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا منفی رپورٹ جمع کروانے کی شرط عائد ہے۔

انڈیا کے علاوہ جنوبی افریقہ، برازیل ، زمبابوے، کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیک، چلی اور ونزویلا سمیت 23 ممالک سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سی کیٹگری میں شامل ہیں

کیٹگری اے میں 20 ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنی قرار دیا گیا ہے۔ 
اس کیٹگری میں سعودی عرب، چین، آسٹریلیا، نیوزیلینڈ، جاپان، سنگاپور سمیت 20 ممالک شامل ہیں۔ 
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ پابندیاں 24 اپریل تک برقرار رہیں گی۔

شیئر: