Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے کو 24 رنز سے شکست، میچ اور سیریز پاکستان کے نام

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
 تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے  آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی اننگز میں محمد رضوان نے 60 گیندوں پر 91 رنز بنائے، اس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور محمد رضوان نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 35 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد شرجیل خان لیوک جونگوے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیوک جونگوے نے پاکستانی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اتوار کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کی تھیں۔ پاکستانی ٹیم میں حسن علی، شرجیل خان اور سرفراز احمد کی واپسی ہوئی۔
جبکہ زمبابوے کی ٹیم میں تناشے کمن ہکاموے کی جگہ شان ولیمز کی واپسی ہوئی۔ 
خیال رہے کہ گذشتہ میچ میں اپ سیٹ شکست کے بعد گرین شرٹس دباؤ کا شکار تھے۔ 119 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پوری پاکستانی ٹیم صرف 99 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
اس شکست پر پاکستانی کی ہار پر سینئیر بلے باز شعیب ملک بھی کافی برہم نظر آئے تھے۔
گذشتہ جمعے کو اپنی ٹویٹس میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ’ناواقف فیصلہ سازوں کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کو خود فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔‘
دوسری جانب پچھلے میچ میں فتح حاصل کرنے سے زمبابوے کی ٹیم پر اعتماد ہے۔ تاہم زمبابوے کی ٹیم اپنے تجربہ کار بلے باز گریک ایون کی انجری کے باعث ان کی خدمات حاصل نہیں کر سکے گی۔

دونوں ٹیموں کے سکواڈز

میچ میں دونوں ٹیموں کے سکواڈز
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، شرجیل خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر۔
زمبابوے: برینڈن ٹیلر، شان ولیمز (کپتان)، ریان برل، ریگس چکابوا، لیوک جونگوے، ویسلے مادھویرے، تدی وانشے مرومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا، تاریسائی مساکنڈا۔

شیئر: