Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کے انٹرویو کے بعد آرامکو کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ

آرمکو کے شیئرز کی قیمت میں 1.13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انٹرویو کے بعد آرامکو کے شیئرز کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
’تاسی‘ کا گراف 2.57 فیصد کی شرح سے اوپر چلا گیا۔ بدھ کو شیئرز کے لین دین میں 264 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انٹرویو میں ملک کی اقتصادی کارکردگی، مارکیٹ میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنیوں کی سکیموں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سعودی آرامکو کے ایک فیصد شیئرز فروخت کرنے کی بات کی تھی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق تاسی نے بدھ کو 10531.2 پوائنٹس پر گراف بند کیا۔ یہ اکتوبر 2014 کے بعد سے بلند ترین شرح ہے۔ تداول کے ذریعے 457.39 ملین شیئرز کا 13.19 ارب ریال میں لین دین ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 
سعودی آرمکو کے شیئر کی قیمت میں 1.13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’فی الوقت ایک غیرملکی سرمایہ کار سے آرامکو کے ایک فیصد شیئرز کے سودے کی بات چیت چل رہی ہے۔‘
قوانسیا کیپٹل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ماجد کبارۃ نے کہا کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی سرمایہ کاری سے شرح نمو اور مملکت میں تجارت کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ 
ماجد کبارۃ نے العربیہ سے گفتگو میں کہا کہ ’پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی بڑی سرمایہ کاری والی بات اہم ہے۔‘

’تاسی‘ کا گراف 2.57 فیصد کی شرح سے اوپر چلا گیا (فوٹو: ٹوئٹر)

 یہ سعودی مارکیٹ میں منافع کمانے والی کمپنیوں کے اندراج کے ذریعے داخلی سرمایہ  کاری کی فنڈنگ کا اہم سرچشمہ ہوگا۔ سعودی مارکیٹ دنیا کی دس بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ 
ماجد کبارۃ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی یہ یقین دہانی کہ ’انکم ٹیکس لگانے کا کوئی پروگرام نہیں اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح پندرہ فیصد سے کم ہوگی، بہت اہم ہے۔ اس  سے سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے یہ بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ سعودی عرب آرامکو سے 30 لاکھ بیرل تیل 2030 میں امدادی صنعتں کی طرف منتقل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سعودی عرب پٹرول سیکٹر سمیت اپنے ہر شعبے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
آرامکو کے شیئرز کے لین دین کی قدر 20.7 ملین شیئرز کے لین دین کے ذریعے  739 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ 
 

شیئر: