Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجستھان رائلز، دہلی کیپٹلز کا کورونا متاثرین کے لیے 9 کروڑ روپے کا عطیہ

انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے صورت حال گھمبیر ہو چکی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں راجستھان رائلز اور دہلی کیپٹلز نے مجموعی طور پر نو کروڑ روپے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لیے عطیے کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راجستھان رائلز کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ساڑھے سات کروڑ (ایک ملین سے زائد) روپے کورونا سے بچاؤ اور انڈیا کے متاثرین کی مدد کے لیے دے رہے ہیں۔‘
رائلز کی جانب سے عطیہ، ٹیم کے خیراتی ادارے ’دی راجستھان رائلز فاؤنڈیشن‘ اور ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ کے ذریعے دیا جائے گا۔
فرنچائز کی جانب سے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’یہ رقم انڈیا کے مریضوں کے لیے دی جائے گی تاہم ترجیح راجستھان ریاست کے متاثرین ہوں گے۔‘
رائلز کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ٹیم کے مالکان اور کھلاڑیوں نے مل کر یہ قدم اٹھایا ہے اور ہم یہ کرنے کے قابل ہوئے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین کی مدد کر سکیں اور بنیادی ضرورت آکسیجن کے حوالے سے کام آ سکیں۔‘
اسی طرح دہلی کیپٹلز کی جانب سے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے کورونا وائرس کے حوالے سے ہونے والے ریلیف ورک کے لیے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دہلی کیپٹلز کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ روپے کے عطیے کا اعلان کیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر، دہلی کیپٹلز)

یہ اعلانات آسٹریلین کھلاڑی پیٹ کمنز، جو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ ہیں، کی جانب سے 50 ہزار ڈالر وزیراعظم کے ریلیف پروگرام میں دینے کے بعد سامنے آئے ہیں۔
اسی طرح سابق آسٹریلین بریٹ لی نے بھی ایک بٹ کوائن عطیہ کیا ہے۔
خیال رہے انڈیا میں اس وقت کورونا وائرس کے باعث صورت حال انتہائی گھمبیر ہے۔ جمعرات کے روز کورونا وائرس کے باعث تین ہزار 645 اموات ریکارڈ کی گئیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے زیادہ ہے۔

شیئر: