Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ؟

وفاقی حکومت نے اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو گورنربلوچستان  مقررکیا تھا۔ (فوٹو: پی آئی ڈی بلوچستان)
وزیراعظم عمران خان نے مبینہ طور پر گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن بلوچستان اسمبلی نصیب اللہ مری نے تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی ارکان نے حالیہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر پارٹی کے سربراہ  وزیراعظم عمران خان کو  گورنر سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
ان کے بقول ’وزیراعظم نے اسلام آباد پہنچتے ہی گورنر بلوچستان سے استعفا طلب کرلیا اور صوبائی پارلیمانی گروپ کو نیا نام تجویز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔‘
نصیب اللہ مری نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان بلوچستان اسمبلی نے جمعرات کو نئے گورنر کے نام پر غور کے لیے اجلاس میں مشاورت کی اور جمعہ کو دوبارہ بھی مشاورتی اجلاس ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نئے گورنر بلوچستان کے لئے مختلف ناموں پر غور کررہے ہیں ۔ یہ بات طے ہے کہ نئے گورنر بلوچستان کا تعلق تحریک انصاف سے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی تمام صوبوں کے گورنر کا تعلق پارٹی سے ہے اور وہ بہت فعال اور کارکنوں کے مسائل پر توجہ دیتے ہیں جبکہ بلوچستان کے موجودہ گورنر کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔
گورنر ہاؤس کے دروازے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لئے بند تھے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو گورنربلوچستان  مقررکیا تھا۔
پشتونوں کے یاسین زئی کاکڑ قبیلے سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی بلوچستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ اگست 2009 میں انہیں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے پر برطرف کیا گیا تھا۔

شیئر: