Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ لبنانی حکومت منشیات سمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کرے‘

نشہ آور اشیا  کی جو کھیپ پکڑی گئی وہ ایران سے آئی تھی (فوٹو عرب نیوز)
لبنان میں سعودی عرب کے سابق سفیر علی عواض العسیری نے کہا ہے کہ لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر سعودی پابندی کا مقصد لبنانی عوام کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ہدف نشہ آور اشیا سمگل کرنے والا مافیا ہے جس کی واحد دلچسپی سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے باشندوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ 
سابق سعودی سفارتکار نے کہا کہ سعودی عرب نے لبنان کے سامنے دروازہ بند نہیں کیا۔ سعودی عرب کا بیانیہ بالکل واضح ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ لبنانی حکومت نشہ آور اشیا کی سمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
سعودی عرب نے یہ بات بھی صاف کردی ہے کہ اگر لبنانی حکومت مملکت کو ایسی ضمانتیں دیتی ہے کہ آئندہ لبنان سے سعودی عرب نشہ آور اشیا سمگل نہیں کی جائیں گی تو سعودی عرب پابندی اٹھالے گا اور حالات معمول پر آجائیں گے۔ 
علی عواض العسیری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں انار میں نشہ آور اشیا  کی جو کھیپ پکڑی گئی وہ درحقیقت ایران سے آئی تھی کیونکہ لبنان میں انار نہیں ہوتے۔ 
 سابق سفیر نے کہا کہ ایران منصوبہ بند طریقے سے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔
 

شیئر: