Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں تاریخی سلیمان مسجد کی توسیع اور تجدید مکمل

مسجد کے پرانے ڈھانچے اور اس کے طرز تعمیر کو بر قرار رکھا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے طائف میں اسلامی ورثے کی تاریخ کی نمائندہ ’سلیمان‘ مسجد تجدید، توسیع اور تزئین کے بعد نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ولی عہد پروگرام برائے تجدید تاریخی مساجد کے تحت مسجد کی اصلاح و مرمت کی گئی ہے۔  
مسجد کی تجدید و توسیع میں پرانے ڈھانچے اور اس کے طرز کو بر قرار رکھا گیا ہے۔ اس کے اطراف موجود العرار درخت برقرار رکھے گئے جبکہ مسجد کی تعمیر میں وہی سامان استعمال  کیا گیا جو اسے پہلی بار بناتے وقت استعمال کیا گیا تھا۔ 

 یہ مسجد 300 برس قبل تعمیر کی گئی تھی۔ یہ محراب اور صحن پر مشتمل ہے (فوٹو: ایس پی اے)

مسجد سلیمان کی تاریخی اہمیت یہ ہے کہ یہ اس مقام پر بنائی گئی ہے جہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے طائف آمد پر ڈیرہ ڈالا تھا اور نماز ادا کی تھی۔ یہ کئی ناموں سے مشہور ہے۔ اس کے ناموں میں ’الصادرۃ‘، السدرۃ‘ اور ’الوقوف‘  بھی معروف ہیں۔ 
سب سے پہلے یہ مسجد اب سے  300 برس قبل تعمیر کی گئی تھی۔ یہ محراب اور صحن پر مشتمل ہے۔  درمیان میں پتھر کے دو ستون ہیں۔ 30 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ صحن میں 15 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ خواتین کا مصلی بھی ہے۔

ولی عہد پروگرام برائے تجدید تاریخی مساجد کے تحت تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)  

مسجد سلیمان نے طائف کے باشندوں کو علم کی روشنی بھی دی۔ مسجد میں طلبہ کو قرآن کریم کا درس دیا جاتا تھا۔ 1372ھ میں طائف کے ایک باشندے نے اپنے خرچ پر اس میں ترمیم کرائی تھی۔ 
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان مملکت بھر میں تاریخی مساجد کی تجدید، توسیع اور تزئین کا ایک بڑا پروگرام شروع کیے ہوئے ہیں۔ اس کے تحت اب تک مسجد سلیمان سمیت 30 مساجد کی اصلاح و تجدید اور تزئین کا کام انجام پا چکا ہے۔

شیئر: