Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کی پھانسی چڑھائے گئے ریسلر کے بھائی کو قتل کی دھمکیاں

دنیا پھر سے اپیل کے باوجود ایران نے نوید افکاری کو پھانسی دے دی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
ایرانی سیکیورٹی فورسز نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر نوید افکاری کے بھائی واحد افکاری کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ سال دسمبر میں نوید افکاری کو قتل کے الزام میں پھانسی کی سزا دے دی تھی۔ نوید افکاری پر 2018 کے حکومت مخالف ہنگاموں کے دوران ایک پولیس افسر کو ہلاک کرنے کا الزام تھا، تاہم نوید افکاری نے آخری وقت تک ان الزامات کی تردید کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق ایرانی انسانی حقوق کے کارکن مسیح علی نجاد نے کہا ہے کہ نوید افکاری کو پھانسی دینے کے بعد اب ان کے بھائی واحد افکاری کو بھی دھمکی دی گئی ہے کہ جبری اعتراف پر آمادگی نہ ظاہر کرنے پر پھانسی دے دی جائے گی۔
واحد افکاری کو دونوں بھائیوں نوید اور حبیب کے ہمراہ 2018 میں حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایرانی حکومت کی جانب سے واحد افکاری کو دی گئی دھمکیاں امریکی خبر رساں اداروں میں بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔
نوید افکاری نے پھانسی کی سزا سے پہلے کہا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات میں سچائی نہیں ہے، ایرانی حکومت کے ججز کو صرف رسی کے لیے گردن کی تلاش ہے۔
حکومت مخالف مظاہروں میں شامل ہونے پر واحد کو 54 سال جبکہ حبیب کو 27 سالہ  قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ دونوں بھائیوں کو 74 کوڑوں کی اضافی سزا بھی دی گئی تھی اور قید کے دوران جسمانی اذیت کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
چوتھے بھائی سعید افکاری نے ٹویٹ کی تھی کہ ان کے بھائیوں کو قید تنہائی میں رکھا گیا، ان پر تشدد کیا گیا اور قتل کرنے کے بھی دھمکیاں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 228 دنوں کے بعد غیر رسمی تفتیشی کارروائی واحد کی موجودگی میں کی گئی، تفتیش کار نے فائلوں اور تشدد کی ویڈیو، میڈیکل رپورٹ تک رسائی نہیں دی جبکہ ابھی تک قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دونوں بھائیوں سے جبری اعتراف کروانے کی غرض سے ان پر تشدد کیا جاتا ہے اور انہیں قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، جبکہ وکلا تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔

شیئر: