Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا نے پاکستان کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

پاکستان نے انڈیا امدادی سامان لے جانے والے کینیڈا کے جہاز کو اوور فلائٹ کلیئرینس دی (فوٹو: ٹوئٹر، ڈویلپمنٹ کینیڈا)
پاکستان میں کینیڈا کی سفیر وینڈی گلمور نے انڈیا کورونا سے متعلق امدادی سامان لے جانے والے کینیڈا کے جہاز کو ’اوور فلائٹ‘ کلیئرینس یعنی اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پر پاکستان کے دفتر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انڈین وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انڈیامیں بدھ کے روز 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 780 ہے، جبکہ 24 گھنٹے کے دوران مزید تین لاکھ 82 ہزار 315  مثبت کیسز سامنے آئے۔
 گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ہر روز انڈیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد مسلسل تین لاکھ سے زائد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا میں حالیہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعدد سے پانچ یا 10 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
10 ماہ کے دوران وائرس سے ایک کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ صرف گذشتہ چار ماہ کے دوران کورونا کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی ایک کروڑ ہے۔
پاکستان میں موجود کینیڈین سفیر وینڈی گلمور نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ’میں ان مشکل حالات میں کینیڈا کی طرف سے انڈیا کی مدد کیے جانے کے ضمن میں اوور فلائٹ کلیئرینس دینے پر پاکستانی دفتر خارجہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ انڈیا میں کورونا کے باعث بننے والی پریشان کن صورت حال کے باعث پاکستان نے اپنے ہمسائے انڈیا کو آکسیجن فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی۔
پاکستان میں کینیڈا کی سفیر کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ پر ویر نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’ محترمہ یہ ان پر کسی قسم کا کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ ایک عقلمندانہ اقدام ہے۔‘
 

کورونا کے باعث انڈیا میں بننے والی سنگین صورت حال کے دوران کینیڈا کی جانب سے اس امدادی کارروائی پر صارف محمد رضوان لکھتے ہیں کہ ’ انسانیت کی خدمت کرنے پر ہم آپ کو اور آپ کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

شیئر: