Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹائزنگ کےلیے 4 شہروں کی 8 مساجد بند

صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول پرعمل جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے چار شہروں کی 8 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پرانہیں سینیٹائز کرنے کےلیے عارضی طورپر بند کردیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 94 دنوں میں اب تک مملکت کے متعدد شہروں میں 1 ہزار 129 مساجد کو عارضی طورپر بند کیا گیا جن میں سے 11 سو 14 مساجد میں سینیٹائزنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد انہیں نمازیوں کےلیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

اب تک گیارہ سوسے زائد مساجد کی سینیٹائزنگ کی جاچکی (فوٹو، ٹوئٹر)

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جن 8 مساجد کو عارضی طورپر بند کیا گیا ان میں سے چار ریاض ریجن ، دو مشرقی ، جبکہ ایک ایک مسجد عسیر اور تبوک ریجن میں تھیں جہاں آنے والے بعض افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں عارضی طورپربند کرکے وہاں سینیٹائزنگ کےلیے متعلقہ ادارے کو احکامات جاری کردیئے گئے۔
واضح رہے وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام شہروں کی مساجد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کا سختی سے خیال رکھیں۔ مساجد میں نماز باجماعت کےلیے آنے والے بھی ایس اوپیز پرعمل کرتے ہوئے اپنی جائے نمازہمراہ لائیں، صفوں کے مابین سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے علاوہ ماسک کے بغیر کسی کو مسجد نہ آنے دیاجائے۔
جاری ہدایت پرعمل کرتے ہوئے مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے دروازوں پر ڈسپوزایبل جائے نمازیں اور ماسک رکھے جاتے ہیں تاکہ وہ افراد جو اپنی جائے نماز نہ لاسکیں وہ ان سے استفادہ کرسکیں۔

شیئر: