Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود سے فلسطینی سفیر کی ملاقات، ’مکمل حمایت کی یقین دہانی‘

وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر فلسطینی سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔ (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق پیر کو فلسطین کے سفیر احمد جواد امین ربعی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کی۔
 پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘
وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر فلسطینی سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کو رکوانے کے لیے اہم مسلم ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ روابط جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
’وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس اور میں نے فلسطینی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے انہیں، حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔‘
وزیر خارجہ نے فلسطینی سفیر کو فلسطین میں اسرائیلی حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کے لیے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے روابط سے آگاہ کیا۔
فلسطینی سفیر نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت اور اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
فلسطینی سفیر نے فلسطین میں جاری جارحیت کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

شیئر: