Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے بقیہ میچز ہوں گے یا نہیں؟ فیصلہ جمعرات کو

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ’یو اے ای حکام نے میچز کروانے کی اجازت دے دی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا فیصلہ جمعرات کو ہو گا۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے جون میں انعقاد سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اور تمام چھ فرنچائزز کے نمائندگان کا آن لائن اجلاس بدھ کی سہ پہر کو منعقد ہوا۔
پی سی بی نے اجلاس میں شریک فرنچائزز کے نمائندگان کو ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق معاملات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق کسی بھی حتمی فیصلے تک پہنچنے کے لیے جمعرات کو یو اے ای کے دفتری اوقات کے اختتام تک کا انتظار کیا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ’آن لائن اجلاس میں ہم نے تمام ٹیموں کے مالکان کو اپ ڈیٹ کیا ہے کہ پی سی بی کو بتایا گیا ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے یواے ای میں موجود متعلقہ حکام کی طرف سے منظوری مل گئی ہے۔‘
’تاہم اب بھی چند معاملات پر ہمیں وضاحت درکار ہے جو جمعرات کو کسی بھی وقت تک ملنے کا امکان ہے۔‘
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم مالکان نے اتفاق کیا ہے کہ اگر پی سی بی کو ان معاملات پر جمعرات تک وضاحت نہیں ملتی تو پھر ایونٹ کے بقیہ میچز کو ملتوی کرنے کے علاوہ کوئی آپشن باقی نہیں رہتا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس دوران ہم یو اے ای کی حکومت اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطے میں رہیں گے کیونکہ وہ بھی لیگ کے بقیہ میچز کو یو اے ای میں مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔‘

شیئر: