بابر اعظم کا ایک اور کارنامہ، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹر
بابر اعظم کا ایک اور کارنامہ، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹر
جمعہ 14 نومبر 2025 21:23
پاکستان کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سینچری سکور کر کے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے جمعے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست رہتے ہوئے 119 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس طرح انہوں نے پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ 20 سینچریاں بنانے کا سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا۔
سعید انور نے 244 اننگز میں 20 سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ بابر اعظم نے یہ کارنامہ صرف 136 اننگز میں سرانجام دیا ہے۔
31 سال کے بیٹر نے دو برس دو ماہ اور 15 دن کے بعد پاکستان کی جانب سے ون ڈے میچ میں سینچری بنائی۔
اس سے قبل انہوں نے آخری سینچری نیپال کے خلاف ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 30 اگست 2023 کو سکور کی تھی۔
اس کے ساتھ ہی بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 سینچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے بیٹر ہاشم آملہ نے 108 جبکہ انڈیا کے وراٹ کوہلی 133 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کر چُکے ہیں۔
بابر اعظم نے ایک روزہ میچز میں مجموعی طور پر 53.89 کی اوسط سے 6 ہزار 467 رنز بنائے ہیں جن میں 20 سینچریوں کے علاوہ 37 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔
بابر اعظم نے ایک روزہ میچز میں مجموعی طور پر 53.89 کی اوسط سے 6 ہزار 467 رنز بنائے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یاد رہے کہ بابر اعظم رواں اکتوبر میں انڈیا کے روہت شرما کا ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
انہوں نے یہ اعزاز 31 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ کے دوران حاصل کیا تھا۔
انہوں نے روہت شرما کا 159 میچوں میں 4 ہزار 231 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا۔ بابر اعظم نے یہ اعزاز 130 میچوں میں 4232 رنز بنا کر اپنے نام کیا۔
سٹار بیٹر نے 61 ٹیسٹ میچوں میں 9 سینچریوں اور 30 نصف سینچریوں کی مدد سے 4 ہزار 366 رنز بنا رکھے ہیں۔