Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروانے کی منظوری

پی سی بی چیف کے مطابق ابوظبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اسے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کروانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے تمام معاملات پر مکمل منظوری مل گئی ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے پی سی بی کے بیان کے مطابق وہ آج جمعرات کو چھ فرنچائز مالکان کے ساتھ مل کر ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے گا، جس کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ 'ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظبی سپورٹس کونسل کے مشکور ہیں، جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔'
انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائے گی، جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔

پی سی بی چیف وسیم خان نے کہا کہ وہ اس موقع پرپی سی بی اسٹاف کے مشکور ہیں۔ فائل فوٹو: پی سی بی

وسیم خان نے کہا کہ وہ اس موقع پرپی سی بی سٹاف کے مشکور ہیں جنہوں نے جون میں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کے باوجود سخت محنت جاری رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی چند بہترین کرکٹ لیگز میں ہوتا ہے، جو اعلیٰ معیار کی نشریاتی کوریج کے ذریعے شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی حمایت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

شیئر: