Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسینیشن: پاکستان میں 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن منگل سے

اسد عمر نے کہا کہ 50 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افرادبھی ویکسینیشن کے لیے آ سکتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا عمل کل منگل سے شروع ہوگا۔
پیر کو اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’آج این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن ہوگی اس کے علاوہ 50 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افرادبھی ویکسینیشن کے لیے آ سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر آپ 40 سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں تو خود کو رجسٹر کرائیں اور دوسروں کو بھی رجسٹر ہونے کا کہیں۔‘
اس سے قبل گذشتہ مہینے 26 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔
اسد عمر نے نے بتایا تھا کہ ’ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے۔ اب 50 سال سے اوپر کے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔‘
اس سے قبل ملک میں تین مراحل میں ویکسین لگائی گئی۔ پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسین لگانے کا آغاز دو فروری کو ہوا۔
دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانا شروع کی گئی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔
پاکستان میں وفاقی حکومت نے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ نجی کمپنیوں کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وفاقی کابینہ کی منظوری سے روسی اور چینی کمپنیوں کی ویکسین کی قیمتیں بھی مقرر کر دی ہیں۔
ویکسین لگوانے کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج بھیج کر رجسٹریشن کرانا ہوگی جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کا جوابی پیغام موصول ہوگا۔   

شیئر: